پنجاب بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد

محکمہ داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی۔ محکمہ داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت یہ کمیٹی دے گی۔ کمیٹی کی تحریری اجازت سے ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت پابندی عائد کی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ صوبے بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عمل درآمد کی ہدایت کردی گئی ہے۔

Load Next Story