شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کے پوسٹر پر تنقید، وجہ کیا ہے؟

شاہ رخ خان نے پوسٹر کے ساتھ لکھا، ’آج پھر یاد آیا، قاتل نہیں عاشق ہوں، کنگ۔‘

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’کنگ‘ کا تازہ پوسٹر ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی ہے۔

پوسٹر میں اداکار کو ایک انتقامی کردار میں دکھایا گیا ہے، جو شعلوں میں گھری سرنگ سے باہر آتے ہوئے ہاتھ میں بندوق تھامے نظر آرہے ہیں۔ فلم کی تشہیر کے لیے جاری کی گئی اس تصویر نے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔

شاہ رخ خان نے پوسٹر کے ساتھ لکھا، ’آج پھر یاد آیا، قاتل نہیں عاشق ہوں، کنگ۔‘ ان کے اس جملے نے مداحوں کی توجہ حاصل کی، تاہم تصویر کے منظر اور انداز کو لے کر کچھ صارفین نے اعتراضات بھی اٹھائے۔

سوشل میڈیا پر بعض افراد نے دعویٰ کیا کہ ’کنگ‘ کا پوسٹر اداکار رنویر سنگھ کی فلم ’دھرندھر: دی ریونج‘ کے پوسٹر سے مشابہت رکھتا ہے۔ ایک صارف نے طنزیہ تبصرے میں لکھا کہ شاہ رخ خان نے پہلے فلم ’لیون: دی پروفیشنل‘ سے اسکرپٹ کا خیال لیا اور اب پوسٹر بھی ’دھرندھر 2‘ سے نقل کرلیا۔ ایک اور صارف نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے ’دھورندھر 2‘ کا پوسٹر دیکھ کر اسی طرح کی تصویر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہو۔

یہ تبصرے سوشل میڈیا صارفین کے الزامات اور آرا ہیں؛ پوسٹر کی نقل کیے جانے کے دعوے کی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ تنقید کے باوجود شاہ رخ خان کے مداحوں میں فلم کے حوالے سے جوش برقرار ہے۔

فلم ’کنگ‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے اور اسے 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جانا ہے۔

Load Next Story