پنجاب پولیس کے حصے میں تین بین الاقوامی اعزازات، فلوریڈا میں عالمی سطح پر پذیرائی
پنجاب پولیس نے جرائم کی روک تھام، ٹریفک مینجمنٹ اور جدید پولیسنگ کے شعبوں میں تین بین الاقوامی اعزازات حاصل کرلیے، انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس کی جانب سے پاکستانی پولیس افسران کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں منعقدہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس کی ایوارڈز تقریب میں پنجاب پولیس کے تین افسران کو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔ یہ عالمی تنظیم دنیا بھر سے 19 ہزار سے زائد پولیس چیفس پر مشتمل ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے حاصل کیے گئے اعزازات میں ڈی آئی جی احسن یونس کو گاڑیوں سے متعلق جرائم کی روک تھام، ایس پی عائشہ بٹ کو ٹریفک مینجمنٹ، جبکہ ڈی آئی جی احسان صادق کو جرائم پر قابو پانے کے شعبے میں ایوارڈ دیا گیا۔
ان اعزازات کو جرائم کی روک تھام، مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور جدید پولیسنگ کے شعبوں میں پنجاب پولیس کی کارکردگی کا عالمی اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق ایوارڈز کی تقریب میں بھارتی پولیس کو کوئی ایوارڈ نہیں ملا، جبکہ پاکستانی پولیس افسران نے تین اعزازات حاصل کیے۔