درآمدی خام مال سے تیار برآمدی ٹائروں، ربڑ کی مصنوعات پر ڈیوٹی ڈرا بیک کی نئی شرح کا اعلان
فوٹو: اے آئی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمدی خام مال سے تیار کردہ برآمدی ٹائروں اور ربڑ کی مختلف مصنوعات پر ڈیوٹی ڈرا بیک کی نئی شرح کا اعلان کردیا ہے، جس کا اطلاق 27 اکتوبر 2026 سے برآمد کی جانے والی مصنوعات پر لاگو ہوگا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ درآمدی خام مال سے تیار کردہ برآمدی ٹائروں اور ربڑ کی مختلف مصنوعات پر ادا شدہ کسٹمز ڈیوٹی کی مقررہ شرح کے مطابق ڈیوٹی ڈرا بیک کی اجازت دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ سہولت 27 اکتوبر 2026 سے برآمد کی جانے والی مصنوعات پر لاگو ہوگی جن میں ٹرکوں، بسوں، گاڑیوں اور جیپوں کے ٹائر اور ٹیوب، زرعی ٹریکٹروں کے ٹائر اور ٹیوب، موٹر سائیکلوں، اسکوٹروں، رکشوں اور ٹرالیوں کے ٹائر اور ٹیوب، سائیکلوں کے ٹائر اور ٹیوب اور ٹھوس ربڑ کے ٹائر شامل ہیں۔
کسٹمز ڈیوٹی کی واپسی درآمد شدہ خام مال سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمد پر مقررہ شرح کے مطابق ہوگی، ان اشیا میں قدرتی اور مصنوعی ربڑ، کاربن بلیک، نائلون ٹائر کورڈ، بیڈ وائر، زنک آکسائیڈ، اینٹی آکسیڈنٹس اور ربڑ کی تیاری میں استعمال ہونے والے دیگر اجزا شامل ہیں۔
ایف بی آر نے بتایا ہے کہ ٹرکوں، بسوں، کاروں اور جیپوں کے ٹائروں پر ایف او بی مالیت کا 0.38 فیصد، زرعی ٹریکٹر اور الٹرا لائٹ ٹرکوں کے ٹائروں پر 0.32 فیصد، مذکورہ گاڑیوں کی ٹیوبز پر 0.97 فیصد، زرعی ٹریکٹر کی ٹیوبز پر 0.13 فیصد، تمام سائز کے فلیپس پر 0.17 فیصد، موٹر سائیکلوں، اسکوٹروں، رکشوں، ٹرالیوں اور الٹرا لائٹ گاڑیوں کے ٹائروں پر 1.45 فیصد، ان کی ٹیوبز پر 0.87 فیصد، سائیکلوں کے ٹائروں پر 1.13 فیصد اور ٹھوس ربڑ کے ٹائروں پر 0.07 روپے فی کلوگرام کے حساب سے ڈیوٹی ڈرا بیک کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوٹی ڈرا بیک کے لیے تیار کردہ اشیا کی پاکستان سے برآمد ضروری ہوگی اور درخواست برآمد کے 210 دن کے اندر یا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق جاری کردہ بینک کریڈٹ ایڈوائس میں درج زرمبادلہ کی وصولی کی تاریخ سے 180 دن کے اندر کسٹمز کے متعلقہ افسر کو جمع کرانا ہوگی۔
اسی طرح برآمد کنندہ کے لیے یہ بھی لازم ہوگا کہ وہ کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعہ 131 کے تحت جمع کرائی جانے والی گڈز ڈیکلریشن اور دیگر برآمدی دستاویزات میں درآمدی خام مال پر ڈیوٹی ڈرا بیک کلیم کریں۔