جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے چالان کو منظور کرتے ہوئے مفرور ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ گل پلازہ کیس میں عدالت نے پولیس چالان کی منظوری سے متعلق تفصیلی حکم نامہ جاری کردیا۔ جس میں مفرور ملزم محمد امین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
عدالت نے کیس ٹرائل کے لئے سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ گل پلازہ کی دیکھ بھال کی ذمہ دار کمیٹی نے آگ سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کرنے میں سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ تفتیشی افسر کے مطابق آگ گراونڈ فلور پر پھولوں کے دکان میں لگی، گل پلازہ کمیٹی نے آگ بجھانے کے مناسب آلات، فائر الارم، اسپرنکلر سسٹم دیگر حفاظتی انتظامات نہیں کیے تھے۔
فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ عمارت کے اضافی دروازے بند ہونے کے باعث لوگوں کے انخلا میں مشکلات پیش آئیں، آگ لگنے کے بعد بجلی بند ہونے سے شہریوں کے انخلا اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات بڑھیں جبکہ عمارت میں ہنگامی اخراج کے مناسب اور واضح راستے موجود نہیں تھے۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ میزا نائن فلور پر کھڑکیاں بند ہونے اور دھواں جمع ہونے سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا جبکہ ایس بی سی اے، کے ایم سی، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور دیگر سے متعلق پولیس رپورٹ سے اتفاق کیا ہے۔
عدالت کے مطابق گواہان کے 164 کے بیانات اور شواہد کے مطابق آگ کم عمر حذیفہ سے ماچس سے کھیلتے ہوئے لگی، فرانزک رپورٹ میں ملبے سے کوئی آتش گیر مادہ یا دھماکہ خیز مواد نہیں ملا جبکہ دستیاب شواہد قتل کی نیت یا دہشتگردی ثابت نہیں کرتے۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ مقدمے میں قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔