روس کی امریکا جنگ میں ثالثی کی پیشکش؛ ایرانی افزودہ یورینیم لینے کیلیے بھی تیار

روس پہلے بھی ایران کے افزودہ یورینیم کو اپنے ہاں محفوظ رکھنے اور جوہری تنازع کے حل میں مدد دینے کی پیشکش کر چکا ہے

روس نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی اور ایرانی افزودہ یورینیم وصول کرنے کی آمادگی ظاہر کردی (فائل فوٹو)

روس نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی اور خلیجی خطے میں فوجی کشیدگی روکنے کے لیے نئے سرے سے کوششیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق کریملن کے ترجمان نے کہا کہ اگر ایران اور امریکا درخواست کریں تو روس دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روس خطے میں فوجی کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے بھی کوششیں کرنا چاہتا ہے۔

کریملن کے ترجمان نے کہا کہ اگر ایران کے افزودہ یورینیم کا معاملہ مذاکرات میں رکاوٹ بنا رہا تو روس اسے اپنے ہاں وصول کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

ترجمان نے انکشاف کیا کہ ایران کا معاملہ روس اور امریکا کے درمیان رابطوں میں باقاعدگی سے زیرِ بحث آتا ہے اور دونوں اپنے اپنے مؤقف کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ روس اس سے قبل بھی ایران کے افزودہ یورینیم کو اپنے ہاں محفوظ رکھنے اور جوہری تنازع کے حل میں مدد دینے کی پیشکش کر چکا ہے۔

تاہم اپریل میں روسی حکام نے بتایا تھا کہ امریکا نے ایرانی یورینیم روس منتقل کرنے کی اس کی تجویز مسترد کردی تھی۔

روس کی جانب سے جنگ بندی کے لیے فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش پر تاحال امریکا اور ایران نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری پروگرام اور علاقائی کشیدگی پر اختلافات تاحال برقرار ہیں جبکہ روس سفارتی رابطوں کے ذریعے تنازع کے حل میں کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کرتا رہا ہے۔
​

Load Next Story