پنجاب حکومت کا اہم معاشی اقدام؛ اضلاع کو معاشی ترقی کا اصل انجن بنانے کا فیصلہ
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اہم معاشی اقدام؛ اضلاع کو معاشی ترقی کا اصل انجن بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب سول سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ہیڈ کوارٹرز) کے لیے ضلع کی سطح پر معاشی ترقی اور بزنس فسیلیٹیشن پر دو روزہ ورکشاپ 2 نومبر کو سول سیکرٹریٹ میں ہوگی، ورکشاپ کا مقصد مقامی معیشت کا فروغ، سرمایہ کاری میں آسانیاں اور ضلعی انتظامیہ و نجی شعبے کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانا ہے۔
ورکشاپ میں ٹی ڈیپ, سرمایہ کاری بورڈ، سمیڈا، پی آئی ٹی بی اور پی ایس آئی سی کے حکام کاروباری مواقع اور ڈیجیٹل سروسز پر بریفنگ دیں گے، تقریب میں معروف ملکی اور غیر ملکی صنعتی و تجارتی شخصیات بھی شریک ہوں گی جو کاروباری ماحول اور ضلعی سطح کی مشکلات پر تجاویز پیش کریں گی۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کی جانب سے نمائش کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہونگے۔