پاسپورٹ فیس کی مد میں پانچ سال کے دوران اربوں روپے وصول

پاسپورٹ فیس میں کمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، وزارت داخلہ کا سینیٹ میں تحریری جواب

اسلام آباد:

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ فیس میں کمی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، گزشتہ پانچ سال کے دوران پاسپورٹ فیس کی مد میں 219 ارب 93 کروڑ 10 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔

سینیٹ کا اہم اجلاس سینیٹر شہادت اعوان کی زیر صدارت ہوا جس میں تفصیلات سینیٹ میں پیش کی گئیں۔

سینیٹر طلحہ محمود کے سوال پر وزارت داخلہ نے تحریری جواب میں بتایا کہ پاسپورٹ فیس کی مد میں سال دو ہزار اکیس بائیس میں 21 ارب 61 کروڑ 80 لاکھ روپے اور دوہزار بائیس تئیس میں 34 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ۔ روپے وصول ہوئے۔

اسی طرح، سال دوہزار تئیس چوبیس میں 50 ارب 90 کروڑ 60 لاکھ، دوہزار چوبیس پچیس میں 64 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ روپے اور دو ہزار پچیس چھبیس میں 48 ارب 52 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع ہوئے۔

تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ ای پاسپورٹس کی تیاری اور خریداری پر اخراجات عام پاسپورٹس کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ پاکستان میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس سے ای پاسپورٹ نظام کی جانب مرحلہ وار منتقلی جاری ہے جبکہ عالمی سول ایوی ایشن تنظیم کے معیار کے مطابق ای پاسپورٹ نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔

Load Next Story