تھرپارکر ایمبولینس واقعے پر پی پی ایچ آئی سندھ کے تین افسران معطل
پی پی ایچ آئی سندھ نے ایمبولینس کے معاملے پر تھرپارکر کے تین افسران کو فوری طور پر معطل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کی منظوری کے بعد تینوں افسران کی معطلی کے احکامات جاری کردیے گئے جو کہ سینئر منیجر ہیومن ریسورسز عائشہ شیخ کے دستخط سے جاری کیے گئے ہیں۔
معطل افسران میں ڈسٹرکٹ منیجر تھرپارکر بی صوبیدار شاہانی، ایگزیکٹو مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن ظہیر حسین بابر، سوشل آرگنائزر پرکاش راٹھوڑ شامل ہیں۔
تینوں افسران کو فوری طور پر معطل کرکے تاحکمِ ثانی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران تینوں افسران کو پی پی ایچ آئی کے ریجنل آفس میرپورخاص میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل ننگرپار کرکے شہرڈانو داندھل کے اسپتال میں کھڑی ایک ایمبولینس میں گیس سلنڈر پھٹنے اور آگ لگنے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جاں بحق 10 افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔