بھارت؛ اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم ہیلی کاپٹر پر سوار افراد کی حالت کے حوالے سے واضح اطلاعات نہیں ہیں، حکام

فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بھارت کی ریاست اترا کھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں ہیلی کاپٹر گر تباہ ہوگیا اور 6 افراد لاپتا ہوگئے ہیں، جن کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر بدری ناتھ میں پہاڑی میں واقع ہندوؤں کے معروف مذہبی مقام سے دیہرادون کی طرف پر پرواز کر رہا تھا، جس میں پائلٹ اور 5 مسافر موجود تھے۔

اترا کھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھمی نے بتایا کہ ان کے دفتر کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثہ جوشی مت کے علاقے میں قریبی گاؤں میں پیش آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ٹیموں اورعلاقے میں موجود فوجیوں کی جانب سے مشرکہ طور پر امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم ہیلی کاپٹر پر سوار افراد کی حالت کے حوالے سے واضح اطلاعات نہیں ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی حتمی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا تاہم علاقے میں شدید بارش اور حدنگاہ متاثرہ ہو رہی ہے اور اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا ہے۔

بھارتی ٹی وی چینلز کے مطابق امدادی ٹیموں کو جائے وقوع کی طرف بھیج دیا گیا ہے جہاں آگ اور دھوئیں کے بادل نظر آرہے ہیں۔

Load Next Story