اوگرا نے اکتوبر کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں 15 فیصد تک اضافہ کردیا
درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ فوٹو : فائل
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ اکتوبر 2026 کے لیے درآمدی ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں میں 13 سے 15 فیصد تک اضافہ کردیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (ایس این جی پی ایل) کے ٹرانسمیشن سسٹم کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 13.89 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 15.9357 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر ہوگئی ہے۔
ایس این جی پی ایل کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لیے قیمت میں 14.01 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 17.3259 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی ایل) کے ٹرانسمیشن سسٹم کے لیے آر ایل این جی کی قیمت میں 15.25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 14.5339 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ایس ایس جی سی ایل کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کے لیے قیمت میں 15.27 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 16.3959 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے۔
اوگرا کے مطابق آر ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔ قیمتوں کا تعین وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے دو درآمدی کارگوز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔