سہیل آفریدی کیخلاف اربوں کی کرپشن کے شواہد، گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری
فوٹو: فائل
سابق وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے خلاف اربوں روپے کی مبینہ مالی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں، تاہم اب تک انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔
صوبائی حکومت کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سہیل آفریدی اس وقت حفاظتی تحویل اور محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ حکام کے مطابق ان کی دیکھ بھال کی جارہی ہے، جبکہ دوسری جانب ان کے خلاف مبینہ مالی بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
حکومت کے مطابق تمام متعلقہ سرکاری محکموں سے اس سلسلے میں ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی انکوائری مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والے کیسز قومی احتساب بیورو (نیب) اور اینٹی کرپشن کے حوالے کیے جائیں گے تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
حکومتی بیان میں صحت کارڈ کے منصوبے میں مبینہ کرپشن اور انتظامی بے ضابطگیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مختلف معاملات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور تحقیقات کے لیے متعلقہ ریکارڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔