ایران نے امریکا اور اسرائیل کے اہداف کی نئی فہرست تیار کرلی، فوجی سربراہ کا اہم اعلان

فہرست میں خطے اور مشرق وسطیٰ سے باہر موجود امریکی اور اسرائیلی مفادات بھی شامل ہیں

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے

ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ممکنہ نئی جنگ کی صورت میں حملوں کے لیے اہداف کی فہرست کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایرانی فوجی سربراہ کے مطابق مسلح افواج نے امریکا اور اسرائیل سے تعلق رکھنے والے مختلف اہداف کی نئی فہرست تیار کی ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ حملے کا جواب دینے کے لیے فوجی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔

دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی امریکی اور اسرائیلی دھمکیوں کے تناظر میں مسلح افواج کو کسی بھی خطرے کا فوری اور جغرافیائی حدود سے ماورا جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے بیان کے مطابق فوجی قیادت کو دشمن کے تمام ٹھوس اور غیر ٹھوس اثاثوں کو نئی ہدفی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس سے قبل خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کے فوجی کمانڈر ممکنہ امریکی حملے کی صورت میں اپنے جوابی اقدامات کا دائرہ وسیع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ ان میں ان ممالک کی تنصیبات بھی شامل ہو سکتی ہیں جو امریکی فوجی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہیں۔

ایران نے لبنان، یمن اور عراق میں اپنے اتحادی گروہوں کے ساتھ ممکنہ مشترکہ ردعمل کی تیاریوں پر بھی غور کیا ہے۔

ادھر قطر سمیت مختلف ممالک امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ خطے کو ایک نئی جنگ سے بچایا جاسکے۔

Load Next Story