لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 420 ریکارڈ، دنیا کے بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا
لاہور کی ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 420 ریکارڈ کی گئی جس کے سبب لاہور دنیا کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آگیا۔
آئی کیو ائیر کی عالمی درجہ بندی میں تاشقند 196 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر اور کراچی 170 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔
ڈھاکا 166 اے کیو آئی کے ساتھ عالمی فہرست میں چوتھے اور نئی دہلی 156 اے کیو آئی کے ساتھ عالمی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب، پنجاب حکومت کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں آج صبح 7 بجے شرح 478 ریکارڈ کی گئی۔
صوبائی کے ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق گجرانوالہ 500 اے کیو آئی کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا جبکہ لاہور پنجاب کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 478 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ شیخوپورہ 336 اے کیو آئی کے ساتھ پنجاب کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر ہے۔
ننکانہ صاحب میں ایئر کوالٹی انڈیکس 326، ڈی جی خان میں 317، حافظ آباد میں 312، جھنگ میں 297 اور خوشاب میں 273 ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 500 تک پہنچ گیا۔ برکی روڈ، شاہدرہ، کاہنہ نو، ملتان روڈ، پنجاب یونیورسٹی، جی ٹی روڈ، گلبرگ تھری، واہگہ بارڈر اور ایجرٹن روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 500 ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز اسی وقت اے کیو آئی 357 تھا۔ لاہور میں ایک ہفتے کے دوران ایئر کوالٹی انڈیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح 478 ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ سات روز کے دوران لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی کم سے کم شرح 100 ریکارڈ کی گئی۔ 30 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے لاہور کا اے کیو آئی 100 ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ یکم نومبر کی صبح 7 بجے درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں جنوب کی سمت سے ہوا کی رفتار 0.3 میٹر فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں سولر ریڈی ایشن 13 واٹ فی مربع میٹر ریکارڈ کی گئی۔