گلگت:
گلگت بلتستان میں آج یکم نومبر کو یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
خطے کے عوام 1947 میں ڈوگرہ راج سے آزادی کے لیے کی گئی تاریخی جدوجہد کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے اپنی وابستگی اور قومی شناخت کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
گلگت بلتستان کےغیورعوام یکم نومبر1947کو پاکستان سے الحاق اور ڈوگرا راج کے خاتمہ کیلئے جنگ آزادی میں سرخرو ہوئے تھے۔
گلگت اسکاوٹس اور مقامی جانبازوں نےہندوستان کیخلاف دلیری اور پوری قوت سے مقابلہ کیا اور پاکستانی پرچم لہرایا، ایک سال کی جہدوجہد کے بعد 14 اگست1948 کو بلتستان کو بھی ہندوستان کے تسلط سے آزاد کرا لیا گیا۔
گلگت بلتستان کے بہادر جوانوں نے دشمن کو شکست فاش دی اور اپنی مادر وطن کو بھارتی تسلط میں جانے سے ہمیشہ کیلئے روک دیا، جنگ آزادی گلگت بلتستان کے دوران لڑی جانے والے جنگیں عالمی عسکری معرکوں میں بہادری کی روشن داستان ہیں۔
گلگت بلتستان کے غیورعوام نے آزادی کے بعد پاک بھارت جنگوں میں جوانمردی کیساتھ ناقابل فراموش کارنامے سرانجام دیے ہیں۔
دریں اثنا آئی ایس پی آر نے یوم آزادیِ گلگت بلتستان کی مناسبت سے خصوصی ملی نغمہ ’’شانِ پاکستان، گلگت بلتستان‘‘ ریلیز کر دیا۔
گلگت بلتستان کے نامور شاعر ذیشان مہدی کا خوبصورت کلام، گلوکار جے جے علی شینا کی پُراثر آواز میں پیش کیا گیا
ملی نغمہ گلگت بلتستان کے عوام کی پاکستان سے عقیدت، قومی تشخص اور گہری دلی وابستگی کا عکاس ہے جس میں گلگت بلتستان کی تاریخی جدوجہد اور پاکستان سے جڑے فخر و اعزاز کے جذبات اجاگر کیے گئے ہیں۔