اسرائیل کی غزہ پر بمباری، 8 فلسطینی شہید
فوٹو: رائٹرز
اسرائیل نے غزہ پر دو مختلف کارروائیاں کی جس میں 5 پولیس افسران سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی دو الگ الگ کارروائیوں میں 8 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں 3 غزہ سٹی میں کی گئی بمباری میں شہید ہوئے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ غزہ کے جنوبی علاقے مغربی خان یونس میں اسرائیلی کارروائی میں 5 پولیس افسران شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے خان یونس میں 5 افراد کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جبکہ غزہ سٹی میں بمباری سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔
یاد رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ برس جنگ بندی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جبکہ اسرائیل معاہدے کے باوجود غزہ پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے حالانکہ حماس نے غیرمسلح ہونے کی شرط بھی تسلیم کرلی۔
اسرائیل نے معاہدے کے بعد غزہ سے اپنی فوج کے انخلاف پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا اور مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے مسلسل بے دخل کیا جا رہا ہے۔