امریکی ریاست فلوریڈا میں نجی مسافر طیارہ گر کر تباہ، تمام 9 افراد ہلاک

طیارے نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی

FLORIDA:

امریکی ریاست فلوریڈا میں 9 افراد کو لے جانے والا نجی طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی حکام کے مطابق لیک جیٹ 60 اتوار کی دوپہر پام بیچ کاؤنٹی میں دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا۔

طیارہ فضا سے تیزی سے نیچے آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی زور دار دھماکے کے ساتھ آگ کے شعلوں میں گھر گیا۔ طیارہ مصروف شاہراہ کے قریب گرا جبکہ آگ کے شعلے قریبی گھروں تک پہنچنے سے بال بال بچ گئے۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک سانحہ قرار دیا اور بتایا کہ طیارے میں موجود تمام 9 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی تحقیقات میں معاونت کے لیے ٹیم روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام کے مطابق طیارے نے ٹیکساس کے آسٹن برگسٹروم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی اور اس کی منزل بہاماس تھی۔ تاہم فوری طور پر حادثے کی وجوہات اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

حادثہ ملٹری ٹریل اور 10ویں ایونیو نارتھ کے قریب پیش آیا، جس کے بعد پام بیچ کاؤنٹی شیرف آفس نے علاقے کی دونوں اطراف کی سڑکیں بند کرکے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی۔

فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کردیں۔ مقامی خاتون کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی تقریباً دو گھنٹے تک معطل رہی۔

Load Next Story