راولپنڈی؛ رکشہ کھڑا کرنے کے تنازع پر فائرنگ، تکہ شاپ کا مالک قتل، ویڈیو سامنے آگئی
تھانہ چکلالہ کے علاقے اسکیم تھری غریب آباد میں رکشہ کھڑا کرنے کے تنازع پر تکرار کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں تکہ شاپ کا مالک جاں بحق ہوگیا جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
پولیس کے مطابق سائین حفیظ نامی محنت کش اپنی تکہ شاپ پر کام میں مصروف تھا کہ شاہد نامی رکشہ ڈرائیور نے رکشہ تکہ شاپ کے سامنے کھڑا کیا تو حفیظ نے اسے منع کیا اور اس معاملے پر دونوں میں تکرار ہوئی جس پر رکشہ ڈرائیور نے پستول نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گولی سائیں حفیظ کو لگی جس سے وہ شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا، لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کرکے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
رکشہ ڈرائیور کے ہاتھوں تکہ شاپ مالک کے قتل کی موبائل فوٹیج سامنے آگئی جس میں فائرنگ کے بعد تکہ شاپ کے مالک کو زمین پر گرے اور رکشہ ڈرائیور کو فرار ہونے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعہ گزشتہ شام تھانہ چکلالہ کی حدود میں پیش آیا تھا جہاں فائرنگ کی زد میں آکر تکہ شاپ کا مالک حفیظ جاں بحق ہوا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ چکلالہ میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق رکشہ کھڑا کرنے سے منع کرنے پر ڈرائیور شاہد نذیر نے تکہ فروش حفیظ کو گولی مار کر قتل کر دیا، نجی پلازہ چوک میں ملزم نے حفیظ کے سینے پر فائرنگ کی۔
چکلالہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم شاہد نذیر کو گرفتار کر لیا۔