گوادر میں ہلاک دہشت گرد کے والد اور بھائی کی پریس کانفرنس، ندامت کا اظہار

والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں تعلیم دلوائیں، اہل خانہ


خالد محمود November 02, 2026

گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد شکیل احمد کے بھائی اور والد نے پریس کانفرنس میں ندامت کا اظہار کیا ہے۔

پنجگور کے علاقے پروم کے رہائشی محمد حیات نے اپنے والد عبدالعزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بھائی شکیل احمد 5 سال قبل فتنہ الہندوستان نامی کالعدم تنظیم کے بہکاوے میں آکر گھر چھوڑ گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ کوشش کرکے اسے سرنڈر بھی کروایا گیا، تاہم وہ دوبارہ تنظیم میں چلا گیا۔

محمد حیات کے مطابق 2 دن قبل انہیں معلوم ہوا کہ شکیل احمد گوادر میں دہشت گردی کی کارروائی انجام دیتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کا شکیل احمد کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں اور بھائی کی جانب سے غلط راستہ اختیار کرنے پر وہ شدید شرمندہ ہیں۔

انہوں نے دیگر والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں تعلیم دلوائیں۔ محمد حیات نے کہا کہ ان کا خاندان پاکستان کا وفادار ہے۔