سندھ ہائیکورٹ نے سائٹ ایریا میں طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف درخواست نمٹادی

کے الیکٹرک کو آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران لوڈشیڈنگ کم یا ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے، نیپرا


ناصر بٹ November 02, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ نے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف 19 صنعتی اداروں کی درخواست نیپرا کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔

سماعت کے دوران نیپرا نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیپرا نے بتایا کہ صنعتی اداروں کی شکایات پر فیصلہ جاری کردیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ، مقررہ شیڈول سے ہٹ کر یا ضرورت سے زیادہ لوڈشیڈنگ بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیپرا رپورٹ کے مطابق بجلی چوری، واجبات کی عدم ادائیگی یا فیڈر کے زیادہ نقصانات کی بنیاد پر باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کی بجلی منقطع نہیں کی جاسکتی۔ بجلی چوری اور نادہندگی میں ملوث انفرادی صارفین کے خلاف کارروائی کی جائے۔

نیپرا نے درخواست گزاروں کے علاقوں میں آئندہ 3 سے 6 ماہ کے دوران لوڈشیڈنگ کم یا ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل راجہ نوید نے مؤقف اختیار کیا کہ صنعتی علاقے میں روزانہ 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس کے باعث صنعتی سرگرمیاں اور کاروبار متاثر ہو رہے ہیں، عدالت نے نیپرا کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواست نمٹا دی۔

 

نیپرا نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی

صنعتی اداروں کی شکایت پر نیپرا نے فیصلہ جاری کردیا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر نیپرا

کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ، شیڈول سے ہٹ کر یا ضرورت سے زیادہ لوڈ شیڈنگ بند کرنے کی ہدایت کردی ہے،  ڈپٹی ڈائریکٹر نیپرا

بجلی چوری، واجبات کی عدم ادائیگی یا فیڈر کے زیادہ نقصانات کی بنیاد پر باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کی بجلی بند نہیں کی جاسکتی، نیپرا 

انفرادی طور پر نادہندگان اور بجلی چوری میں ملوث صارفین کیخلاف کارروائی کی جائے، نیپرا

درخواستگزاروں کے علاقے میں تین سے چھ ماہ کے اندر لوڈشیڈنگ کم کرنے یا ختم کرنے کے لیے اقدامات کیئے جائیں، نیپرا

عدالت نے نیپرا رپورٹ کی بنیاد پر درخواست نمٹا دی

صنعتی علاقے میں یومیہ دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، وکیل درخواستگزار راجہ نوید

طویل لوڈ شیڈنگ سے صنعتی سرگرمیاں اور کاروبار متاثر ہورہا ہے، وکیل درخواستگزار