شروتی نے اپنے والد کمل ہاسن کی فلم میں آئٹم سانگ کرنے سے انکار کر دیا

ہٹ فلم ’’وشواروپم‘‘ کے سیکوئل ’’وشواروپم 2 ‘‘ میں آئٹم سانگ کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا تو شروتی نے۔۔۔، فلمی ذرائع

’’وشواروپم 2‘‘ یقینا ایک بڑی فلم ہے مگر میں والد کے ساتھ کسی ٹھوس اور بڑے اسکرپٹ پر کام کرونگی، شروتی ہاسن کی میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

بھارت کے منفرد انداز کے مشہور اداکار کمل ہاسن کی اداکار بیٹی شروتی ہاسن نے اپنے والد کی فلم میں آئٹم سانگ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

کمل ہاسن کی نئی آنے والی فلم ''وشواروپم 2 ''میں اداکارہ کو آئٹم سانگ کرنے کا کہا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ شروتی ہاسن کو فلم میکروں نے ''وشواروپم 2 '' میں آئٹم سانگ کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا مگر شروتی نے اپنے والد کی فلم میں ڈانس کرنے میں کسی قسم کی دلچسپی ظاہر نہیں کی اور بعد ازاں آئٹم سانگ کرنے سے انکار کردیا۔ فلم انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق شروتی جو ان دنوں خود بھی ایک فلم ''ویلکم بیک '' کی شوٹنگ میں مصروف ہے اپنے والد کی فلم میں آئٹم سانگ کرنے کی پیش کش پر خوش نظر نہیں آ رہی تھیں۔


ذرائع نے بتایا کہ ''شروتی کسی بھی آئٹم سانگ کو کرنا نہیں چاہتی' وہ افلموں میں باقاعدہ ایک مکمل کردار ادا کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں''۔ دوسری طرف خود اداکارہ شروتی ہاسن نے اس کہانی سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ ''یہ سچ نہیں ہے' در اصل میں اور میرے والد یقیناً مستقبل میں ایک ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں' ہم کسی ٹھوس اور بڑے اسکرپٹ پر ایک دوسرے سے تعاون کریں گے' مجھے یقین ہے کہ میرے والد نے (وشواروپم 2) ایک بڑی فلم بنائی ہیاور میں اس سے متعلق بہت خوش ہوں ''۔ فلم ''وشواروپم 2 '' گزشتہ برس 2013ء کی بلاک بسٹر فلم ''وشواروپم'' ہی کا سیکوئل ہے اور یہ فلم اس وقت کی ہٹ فلم تھی جس نے باکس آفس پر 100کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

دوسری طرف بتایا جا رہا ہے کہ ''وشواروپم 2'' کا ٹریلر کمل ہاسن کی پچھلی سالگرہ پر ریلیز کیا جا چکا ہے، اب اگر ہر چیز اپنے وقت پر اور پلاننگ کے مطابق ہو جاتی ہے تو اطلاعات ہیں کہ یہ فلم کمل ہاسن اپنی نئی سالگرہ کے دن یعنی 7 نومبر کو ریلیز کر دیں گے۔ پچھلے دنوں یہ بات بھی سننے میں آئی تھی کہ شروتی ہاسن وجے چمبودیوان کی نئی فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں تاہم اداکارہ کے ایک تازہ ٹوئیٹ میں شروتی نے لکھا ہے کہ اب حالات بدل گئے ہیں میرے پہلے ٹوئیٹ کا مداحوں نے غلط مطلب لے لیا تھا اور وجے 58 کا مطلب تھا کہ یہ وجے کی 58 ویں فلم ہے۔
Load Next Story