اپوزیشن جرگے اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کی ملاقات اراکین جلد مسئلے کے حل کیلئے پرامید

مذاکرات کی گاڑی آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہی ہے تاہم ابھی راستے میں کئی قانونی اور آئینی مسائل ہیں، سراج الحق


ویب ڈیسک September 05, 2014
غیر پارلیمانی زبان کا استعمال بند کیا جائے اور اگر ایسا نہ ہوا تو جرگہ اپنے کام سے ہٹ جائے گا، رحمان ملک فوٹو: ایکسپریس نیوز

موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی جرگے کی کوششیں جاری ہیں اور فریقین جلد مسئلے کے حل کے لئے پرامید ہیں۔


اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیر قیادت اپوزیشن کے سیاسی جرگے نے سینیٹر رحمان ملک کی رہائش گاہ پر عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی نے کہا اپنے مطالبات تحریری شکل میں جرگے کے سامنے پیش کردیئے ہے اور حکومت ہماری تجاویز پر تحریری طور پر یقین دہانی کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے شرکا پارلیمنٹ ہاؤس کے لان سے نکل کر دوبارہ ڈی چوک منتقل ہوگئے ہیں۔


سراج الحق کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی گاڑی آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہی ہے، عوامی تحریک اور حکومت کا مذاکراتی میز پر آنا خوش آئند ہے تاہم ابھی راستے میں کئی قانونی اور آئینی مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فریقین مثبت انداز اپنا کر مسئلے کا حل نکال سکتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کم سے کم وقت میں بحران کا حل نکالا جائے اور دعا ہے کہ آج کا دن ہمارے لئے خوشی کا باعث ہو۔


رحمان ملک نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، فریقین ایک کے علاوہ تمام نقاط پر متفق ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ مسئلے کا جلد حل نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت احتجاجی کارکنوں کی گرفتاریاں فوری طور پر بند کرے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ارکان کو نازیبا الفاظ کی سیاست سے منع کریں اور اگر ایسا نہ ہوا تو جرگہ اپنے کام سے ہٹ جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے