امریکا اور اس کے اتحادیوں کا برا وقت شروع ہونے والا ہے القاعدہ

امریکا کے اتحادی ممالک کے عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی حکومتوں کے سامنے کھڑے ہوجائیں، القاعدہ کا پیغام

شام اور عراق میں اسلامی خلافت قائم کرنے والی تنظیم داعش ماضی قریب میں القاعدہ سے منسلک تھی فوٹو: فائل

لاہور:
القاعدہ نے کہا ہے کہ شام اور عراق میں برسرپیکار افراد اپنے اختلاف مٹادیں کیونکہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کا برا وقت شروع ہونے والا ہے۔

القاعدہ کی یمن اور شمالی افریقا شاخ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر جاری مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عراق اور شام میں مسلح جدو جہد کرنے والے باہمی لڑائیاں ختم کرکے امریکا اور اس کے اتحادیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہوجائیں، شام میں برسرپیکار لوگ امریکا کا آلہ کار بننے سے گریز کریں اور صدر بشارالاسد کے خلاف جنگ جاری رکھیں۔


پیغام میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے برے دن آنے والے ہیں، ہم اس اتحاد میں شامل ہونے والے تمام ممالک کے عوام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی آلہ کار حکومتوں کے سامنے کھڑے ہوجائیں اور انہیں تمام قانونی طریقوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے پردے میں اسلام کے خلاف جنگ کا حصہ بننے سے روکیں۔

واضح رہے کہ شام اور عراق میں اسلامی ریاست قائم کرنے والی تنظیم داعش ماضی قریب میں القاعدہ سے منسلک تھی تاہم القاعدہ کے سربراہ ڈاکٹر ایمن الظواہری اس سے لاتعلقی ظاہر کرچکے ہیں جبکہ شام میں النصرہ فرنٹ کو القاعدہ کی حمایت حاصل ہے۔

 
Load Next Story