گرم موسم شدت اختیار کرنے لگا، شہری گوشت کے بجائے سبزیوں کا استعمال کریں، ماہرین

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 11 اکتوبر 2014
باسی کھانوں اور بازار کے ٹھنڈے مشروبات سے اجتناب کیا جائے، دہی، لسی اور گھر میں تیار کردہ لیموں پانی بے حد مفید ہوتا ہے۔  فوٹو: آن لائن/فائل

باسی کھانوں اور بازار کے ٹھنڈے مشروبات سے اجتناب کیا جائے، دہی، لسی اور گھر میں تیار کردہ لیموں پانی بے حد مفید ہوتا ہے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی: ماہرین طب نے کہا ہے کہ کراچی میں گرم موسم شدت اختیار کررہا ہے جس کی وجہ سے موسم مزید سخت ہورہا ہے،گرم موسم میں جسم کا درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، جسم کا درجہ حرارت برقرار رکھنے کیلیے غیر ضروری دھوپ میں نہ نکلیں اورپانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ رکھیں اور گھر کے ٹھنڈے مشروبات استعمال کریں، گھر کا تیار کردہ لیموں پانی گرم موسم میں بے حد مفید ہوتا ہے۔

ان ماہرین کا کہنا ہے کہ گرم موسم میںگوشت کی بجائے سبزیوں اور دالوں کا استعمال رکھا جائے، گرم موسم میں ہلکی غذا بے حد مفید ہوتی ہے جبکہ اس موسم میں کھانوں کے ساتھ دہی، لسی بھی مفید ہے، ماہرین نے کہا کہ سخت موسم میں غذا کو متوازی رکھنا ضروری ہوتا ہے، کھانوں میں بدپرہیزی سے اسہال اور قے کا مرض ہونے کے شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، ان ماہرین کا کہنا تھا کہ گرم موسم میں باسی کھانوں سے اجتناب کیا جائے اور بازار کے ٹھنڈے مشروبات سے مکمل پرہیز کیا جائے۔

ان ماہرین نے کہا کہ سخت گرم موسم میں جسم سے پسینے خارج ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے جسم میں پانی کے ساتھ نمکیات کی شدید کمی واقع ہوجاتی ہے، دھوپ میں نکلنے سے جسم کا درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے جس سے چکر اور قے آنا شروع ہوجاتے ہیں لہذٰا دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے اجتناب کیا جائے، ان ماہرین کا کہنا تھا کہ باسی کھانوں سے ڈائریا کا مرض بھی لاحق ہوسکتا ہے ، گرم موسم میں ہلکی غذا استعمال کی جائے، اس موسم میں زیادہ کھانے سے بھی پیٹ کے امراض لاحق ہوسکتے ہیں، دوپہر میں گوشت کی بجائے سبزی یا دال کو ترجیحی دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔