گلستان جوہر میں گارڈ نے بینک ڈکیتی ناکام بنادی

ملزمان نے گارڈ کو زخمی کرکے خواتین عملے سے 5 ہزارروپے اور موبائل چھین لیے

پولیس نے بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ فوٹو: فائل

گلستان جوہر میں سیکیورٹی گارڈ نے جان پر کھیل کر بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی۔


تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک ون میں پیر کی صبح 8 بج کر 50 منٹ پر سمٹ بینک میں 2 ڈاکوؤں نے داخل ہونے کی کوشش کی،بینک کے سیکیورٹی گارڈ 34 سالہ فضل محمود نے مزاحمت کی ، ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے گارڈ کو زخمی کردیا اوربینک میں داخل ہوگئے، ملزمان بینک میں موجودعملے کی 2خواتین سنبل اور نسیمہ سے 5 ہزار روپے اور2 موبائل فون چھین کرفرار ہوگئے، ملزمان زخمی سیکیورٹی گارڈ فضل محمد اور دوسرے گارڈ غلام رسول سے رپیٹر اورپستول کے چھین کرلے گئے،اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس موقع پر پہنچی اورزخمی سیکیورٹی گارڈ کو پہلے دارالصحت اسپتال اور بعدازاں جناح اسپتال منتقل کردیا۔

ایس ایچ او گلستان جوہر حیات اﷲ نے ایکسپریس کو بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ کو ایک گولی ران پر لگی، ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار تھے جس وقت ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے بینک میں داخل ہوئے بینک کا بیشتر عملہ اس وقت نہیں آیا تھا اورملزمان خواتین عملے سے رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے،انھوں نے بتایا کہ پولیس نے بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی،پولیس نے زخمی سیکیورٹی گارڈ کے بیان کی روشنی میں واقعے کا مقدمہ 2نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
Load Next Story