ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس دکھائے گی،جنید خان

اسپورٹس ڈیسک  منگل 14 اکتوبر 2014
میگا ایونٹ 14 فروری سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

میگا ایونٹ 14 فروری سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

صوابی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان پرامید ہیں کہ گرین شرٹس ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، امید ہے اس بار بھارت کیخلاف شکستوں کے حصار سے بھی نکل آئیں گے۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ موضع متھرہ ڈاگئی ضلع صوابی میں شائقین اور عمائدین علاقہ سے گفتگو کے دوران کیا، انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ 14 فروری سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شروع ہوگا، ہمیں پوری طرح امید ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان بھر پور کامیابی حاصل کرئے گا۔ جنید خان نے کہا کہ گرین شرٹس پول بی میں شامل ہے جہاں پر اس کا سامنا روایتی حریف بھارت سے بھی ہونا ہے، ہم اس بات سے باخبر ہیں کہ ورلڈ کپ میں پڑوسی ٹیم کو ایک بار بھی نہیں ہرا سکے لیکن اس دفعہ کوشش ہوگی کہ کامیابی حاصل کریں۔

جنید خان نے یو اے ای میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے اہم ہے ، ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، انھوںنے کہا کہ ہمیں ورلڈ کپ جیتنے کے لیے سخت محنت کے ساتھ ساتھ قوم کی دعائوںکی بھی ضرورت ہے۔ فٹنس کے حوالے سے سوال کے جواب میں جنید خان نے کہا کہ گھٹنہ ٹوئسٹ ہو چکا ہے اور ڈاکٹر نے صحت یابی کے لئے 4 سے 6ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا ہے، بہت جلد مجاز ڈاکٹر سہیل سے اس کا معائنہ کرونگا اور جب وہ اجازت دیں تو ٹیم کیلیے دستیاب ہوں گا۔

انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم بالکل متحد ہے اور اس میں کسی قسم کا اختلاف نہیں، صوابی میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، رزڑ اور شاہ منصور میں قائم اکیڈمی سے نئے کھلاڑی نکل رہے ہیں جو قومی سطح پرکرکٹ کی ٹیموں میں شامل ہوکراپنا بھرپور کردار ادا کرینگے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔