خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل ہوئی تو تحریک انصاف سے راستے جدا ہوجائیں گے سراج الحق

خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل ہوئی تو جماعت اسلامی تحریک انصاف کا ساتھ نہیں دے گی، امیر جماعت اسلامی

21 نومبر کو عوامی ایجنڈے کا اعلان کروں گا،سراج الحق فوٹو: فائل

جماعت اسلامی نے تحریک انصاف کی قیادت پر واضح کردیاہے کہ 30 نومبر کو اگرپی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا حکومت کے خاتمہ کے حوالے سے کوئی بھی قدم اٹھایاتو پھر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے راستے جداہونگے اورجماعت اسلامی اپنے طور پر فیصلے کرے گی ۔


پشاور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ہونے والی ون آن ون ملاقات میں امیر جماعت اسلامی نے اسپیکر اسد قیصرکے توسط سے تحریک انصاف کی قیادت کو پیغام ارسال کیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے 30 نومبر کو احتجاج اور دھرنے کے حوالے سے جو اعلانات کئے جارہے ہیں ان کے حوالے سے جماعت اسلامی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ تحریک انصاف صوبائی حکومت کے خاتمہ کرنا چاہتی ہے۔اگر تحریک انصاف کی قیادت خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرتی ہے توجماعت اسلامی اور ان کی راہیں جدا ہوں گی اور جماعت اسلامی اس صورت میں کسی بھی طور تحریک انصاف کا ساتھ نہیں دے گی۔

علاوہ ازیں سراج الحق نے جماعت اسلامی پشاورکے تحت ڈونرزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ21نومبرکو مینار پاکستان لاہور میں لاکھوں لوگ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی ، فلاحی اور جمہوری مملکت بنانے کیلئے جمع ہونگے جس میں عوامی ایجنڈے کا اعلان کرونگا ۔
Load Next Story