بھارت ذکی الرحمان لکھوی کے معاملے پرغیر ضروری واویلا کررہا ہے پاکستان

سمجھوتاایکسپریس واقعہ ممبئی حملے سے 2 سال قبل پیش آیا جس کی تحقیقات سے بھارت نے آگاہ نہیں کیا،ترجمان دفترخارجہ

پاکستان اور بھارت نے سول نیوکلئیر تنصیبات کی فہرست پر بھی تبادلہ کیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:

پاکستان نے کہا ہے کہ ممبئی حملے کے الزام میں گرفتار ملزم ذکی الرحمان لکھوی کا معاملہ عدالت میں ہے تاہم بھارت غیرضروری طور پر ملزم کی ضمانت پر واویلا کر رہا ہے۔



ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے میٖڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پر واویلا کیا جو کہ غیر ضروری تھا جب کہ ذکی الرحمان لکھوی کا معاملہ عدالت میں ہے، سمجھوتا ایکسپریس کا واقعہ ممبئی حملہ کیس سے 2 سال قبل پیش آیا جس پر بھارت نے یقین دہانی کے باوجود تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن نے نئی دلی میں قیدیوں کی فہرست دی ہے جس کے مطابق 360 پاکستانی شہری اور 150 ماہی گیر بھارت میں قید ہیں جب کہ بھارت سے پاکستان اور بھارت نے سول نیوکلئیر تنصیبات کی فہرست پر بھی تبادلہ کیا ہے۔


ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری رواں ماہ کے وسط میں پاکستان کا دورہ کریں گے جب کہ پاک امریکا تزویراتی مذاکرات بھی رواں ماہ اسلام آباد میں ہوں گے، دوسری جانب پاک ایران گیس پائپ لائن سے متعلق دونوں ممالک رابطے میں ہیں اور اس کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔

Load Next Story