آسٹریلیا میں کرکٹ میچ کے دورا ن زوردار ہٹ لگنے کے باوجود پرندہ محفوظ رہا

میلبورن میں بگ بیش کاؤنٹی کے میچ کے دوران بیٹسمین نے شارٹ کھیلا اوراس کی لگائی گئی ہٹ فضا میں محو پرواز سیگل کو جالگی

کھلاڑی سیگل کو اٹھا کر میدان کے باہر لے گیا جہاں کچھ لمحوں بعد اس میں حرکت پیدا ہوئی اور وہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا۔ فوٹو سی این این

کرکٹ سے محبت کرنے والا پرندہ سیگل میچز کے دوران اکثر میدان میں گھومتا رہتا ہے لیکن کبھی کبھی بال کی زد میں آکر جان بھی دے دیتا ہے اور کبھی زخمی ہوجاتا ہے ایسا ہی کچھ ہوا آسٹریلیا میں جہاں بیٹسمین نے جب شاٹ کھیلا تو گیند فضا میں اڑتے سیگل کو جالگی جس سے وہ بے ہوش ہوکر زمین پر گر پڑا لیکن کچھ ہی دیر بعد اس نے اپنی آنکھیں کھول ڈالیں۔

پروانے اپنی محبت میں شمع پر جان نچھاور کرتے ہیں اسی طرح کرکٹ کا پروانہ سیگل بھی بال سے کبھی نہیں گھبراتا بلکہ ہزاروں تماشائیوں کے ساتھ آسٹریلیا کے میدانوں میں کرکٹ کے کھیل سے لطف اندوز ہوتا رہتا ہے لیکن میلبورن میں بگ بیش کاؤنٹی سیریز کے میچ کے دوران بیٹسمین نے شارٹ کھیلا اوراس کی لگائی گئی ہٹ فضا میں محو پرواز سیگل کو جالگی جس سے وہ زمین پر گر کر بے ہوش ہوگیا۔


سیگل کے زمین پر گرنے سے میدان میں بیٹھے 30 ہزار تماشائیوں کو جیسے سانپ سونگھ گیا ہو اور ہرکوئی سمجھ رہا تھا کہ شاید وہ موت کے منہ میں چلا گیا ہے جب کہ اس دوران ایک کھلاڑی نے جلدی سے اسے اٹھایا اور میدان کے باہر لے گیا جہاں کچھ لمحوں بعد اچانک سیگل میں حرکت پیدا ہوئی اور وہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا پھر کیا تھا پورا اسٹیڈیم خوشی سے جھوم اٹھا اور پر طرف زور دار تالیوں کی گونج سنائی دینے لگی۔

میلبورن گراؤنڈ کی انتظامیہ کے مطابق اس یقین دہانی کے بعد کہ سیگل کو کوئی چوٹ نہیں لگی اسے قریبی پارک لے جا کر چھوڑ دیا گیا جہاں وہ ایک بار پھر فضا میں پرواز کرنے لگا۔

Load Next Story