بھارت میں کیمرے کے فلیش سے ناراض ہاتھی نے جوڑے کی جان لے لی

کیمرےکے فلیش نے ہاتھی پر پاگل پن طاری کردیا اور اس نےاتنا اچانک حملہ کیا کہ جوڑے کوسنبھلنے کاموقع نہیں ملا،فوریسٹ حکام

کیمرے کی فلش پر ناراض ہاتھی چنگھاڑتے ہوئے جوڑے پر حملہ کرکے انہیں اپنے پاؤں تلے مسل ڈالا،فوٹو فائل

بھارت میں جنگل میں ٹریکنگ کے دوران ہاتھیوں کی تصویریں لینا ایک جوڑے کو مہنگا پڑ گیا اور ان کے کیمرے کے فلیش سے ناراض ہاتھی نے اچانک ان پر حملہ کر کے زخمی کردیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کرزندگی کی بازی ہارگئے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالا کے ہیرییار ٹائیگر ریزرو میں سرکاری فوریسٹ ڈپارٹمنٹ نے 4 جوڑوں کے لئے ٹریکنگ کا انتظام کیا اور یہ افراد ٹریکنگ سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ ان میں سے ایک جوڑا دیگر افراد سے الگ ہو کر گزرنے والے ہاتھیوں کے ایک گروہ کی تصاویر لینے میں مصروف ہوگیا اس دوران کیمرے کے فلیش پرہاتھیوں نے ناراضگی کا اظہار کرنا شروع کردیا، کچھ دیر بعد اچانک ایک ہاتھی چنگھاڑتے ہوئے اس جوڑے پر پل پڑا اور لمحوں میں ان کو اپنے پاؤں تلے روند ڈالا جس سے دونوں میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے جب کہ ان کو بچانے کی کوشش میں ایک گائیڈ بھی بری طرح زخمی ہوگیا،جوڑے کو فوری اسپتال لے جایا گیا لیکن دونوں نے راستے میں دم توڑ دیا۔

فوریسٹ حکام کے مطابق گجرات سے تعلق رکھنے والے جوڑے میں 52 سال کے بھوپندرا راوال پرائیویٹ فرم میں جنرل مینیجر کے عہدے پر جب کہ ان کی بیوی جگ روتھی سائنس دان تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمرے کے فلیش نے ہاتھی پر پاگل پن طاری کردیا تھا اور اس نے جوڑے پر اتنا اچانک حملہ کیا کہ انہیں سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا ۔
Load Next Story