پینگوئنز صرف نمکین اور کھٹے ذائقوں کو پہچان سکتے ہیں
فوٹو : فائل
حیاتیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دیگر پرندوں کے برعکس پینگوئنز صرف نمکین اور کھٹے ذائقوں سے ہی آشنا ہیں۔
امریکا اور چین سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں کی یہ تحقیق کرنٹ بائیولوجی نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ اس تحقیق کے مطابق پینگوئنز میں ارتقائی عمل کے دوران 5 بنیادی ذائقوں میں سے 3 کا احساس باقی نہیں رہا۔ خیال رہے کہ زیادہ تر پرندے میٹھے ذائقے کی نشاندہی نہیں کر سکتے لیکن پینگوئنز کڑوی چیزوں اور گوشت کے ذائقے سے بھی ناآشنا ہیں۔
یہ دریافت اس وقت ہوئی جب امریکا اور چین سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے پینگوئنز کے جنوم میں سے ذائقوں کے جینز کو غائب پایا۔ سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ پینگوئنز کو مچھلی کھاتے ہوئے اس کا ذائقہ نمکین لگ سکتا ہے لیکن چونکہ وہ پوری مچھلی نگل لیتی ہیں اس لیے یہ بھی ممکن ہے کہ انھیں کوئی ذائقہ محسوس نہیں ہوتا ہو۔