3 برسوں میں 8 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے مکمل ہوں گے پرویز رشید

3 سال میں تربیلا4، نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ اور گیس سے بجلی پیدا کرنے کے تین منصوبے مکمل کئے جائیں گے، وفاقی وزیر

بھاشا اور دیامر ڈیم سے سستی بجلی پیدا ہوگی، پرویز رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ آئندہ 3 برسوں کے دوران سسٹم میں 8 ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہوجائے گی۔


سرکاری ریڈیو کو دیئے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے بجلی کے قلیل اور طویل مدتی منصوبے شروع کئے ہیں، بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کم کرکے عوام کی مشکلات کم کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ تربیلا4، نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ اور گیس سے بجلی پیدا کرنے کے تین منصوبوں سمیت بجلی کے قلیل مدتی منصوبے ایک سے تین سال کی مدت میں مکمل کئے جائیں گے۔ جس سے سسٹم میں 8 ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہوجائے گی، اس کے علاوہ قائداعظم سولر انرجی پارک بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے بھاشا اور دیامر ڈیموں پر کام شروع کردیا گیاہے جن سے سستی بجلی پیدا ہوگی۔ اس کے علاوہ بجلی ترسیل کے نظام کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام اقتصادی اشارئیے مثبت ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کےلئے ایک پرکشش ملک بن گیا ہے۔
Load Next Story