ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی پہلی فتح

پاکستانی کرکٹ ٹیم نےورلڈ کپ کےاپنےابتدائی دومیچ ہارنےکےبعد زمبابوے کو 20رنز سے شکست دے کر بالآخر پہلی فتح حاصل کرلی۔

پاکستانی ٹیم کو آیندہ کے میچ جیتنے کے لیے اپنی بیٹنگ لائن اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دینی ہو گی۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کے اپنے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد زمبابوے کو 20رنز سے شکست دے کر بالآخر پہلی فتح حاصل کرلی۔ اس فتح سے مایوسی کا شکار کرکٹ شائقین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں منچلے شائقین کرکٹ نے بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں بانٹیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ پاکستان ورلڈ کپ کے اپنے پہلے دو میچ بھارت اور ویسٹ انڈیز سے ہار ا تھا۔پہلے دو میچ ہارنے کے بعد کرکٹ تبصرہ نگاروں کی یہ رائے تھی کہ پاکستان اب ہارنے کا موقع کھو چکا ہے، ٹورنامنٹ میں کوئی ٹیم دو میچ تک ہی ہار سکتی ہے، تیسرا میچ ہارنے کی صورت میں وہ ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گی۔


زمبابوے سے میچ جیتنے کے بعد پاکستان ورلڈ کپ سے فوری طور پر آؤٹ ہونے سے بچ گیا ہے مگر اب کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لیے اسے متحدہ عرب امارات ،آئر لینڈ اور جنوبی افریقہ سے بھی میچ جیتنا ہوں گے۔ زمبابوے کے خلاف میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ماضی کی طرح اس بار بھی سود مند ثابت نہیں ہوا اور ٹاپ بیٹنگ لائن موثر کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام ہوئی، ناصر جمشید ایک اور احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، شاہد آفریدی نے بھی شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور بغیر کوئی رنز بنائے بولڈ ہو گئے، فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر انتہائی ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے54اسکور کیا۔اگر وہ جلد آؤٹ ہو جاتے تو ٹیم شاید 200رنز بھی نہ بنا پاتی۔ پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کو جیت کے لیے 236 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

یہ کوئی بڑا اسکور نہیں تھا اور یہ محسوس ہو رہا تھا کہ اگر زمبابوے کی ٹیم جم کر کھیلی اور اس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو پاکستان یہ میچ بھی ہار جائے گا۔ لیکن محمد عرفان اور وہاب ریاض کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔راحت علی نے بھی اچھی باؤلنگ کی۔ اس میچ میں پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن کی کمزوری اور ناقص فیلڈنگ کھل کر سامنے آئی ہے ۔ اگر زمبابوے کی جگہ سری لنکا، جنوبی افریقہ یا اور کوئی مضبوط ٹیم ہوتی تو 236اسکور کا آسان ٹارگٹ وہ بخوبی پورا کر سکتی تھی۔ پاکستانی ٹیم کو آیندہ کے میچ جیتنے کے لیے اپنی بیٹنگ لائن اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دینی ہو گی۔ بہر حال اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بہتر ہو گا اور وہ آیندہ میچوں میں مزید بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔
Load Next Story