موٹر وے بننے سے ناصرف راستے بلکہ دلوں کے فاصلے بھی کم ہوں گے وزیراعظم

پاک فوج دہشت گردوں کو شکست دے رہی ہےوہ دن ضرور آئے گا جب ہمارا ملک دہشت گردی سے پاک ہوجائے گا، وزیر اعظم

حکومت کو توانائی، دہشت گردی اور معاشی چیلنجز ورثے میں ملے ہیں،وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی نہ ہونے کے ذمہ دار ہم خود ہیں جس کے لئے ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اصلاح کرنی ہے۔

کراچی حیدرآباد موٹر وے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اس ملک میں 18 کروڑ کی آبادی ہے جس کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان دنیا بھر میں ترقی کی منزلیں طے کررہے ہیں، ہماری بدنصیبی ہے کہ ہم آگے نہیں بڑھ سکے اور ملک میں ترقی کا خاطر خواہ سفر طے نہیں کرسکے۔ ہم آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں 20 سال پہلے تھے، یہ بڑی بدقسمتی ہے اور اس کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اصلاح کرنی ہے۔


وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم پورے پاکستان میں موٹر ویز کا جال بچھانا چاہتے ہیں، اس سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی،ان سے ناصرف راستے بلکہ دلوں کے فاصلے بھی کم ہوں گے۔ کراچی لاہور موٹر وے ان کی دلی خواہش ہے، اس کا پہلا مرحلہ کراچی سے حیدرآباد موٹر وے ہے جو 30 ماہ میں مکمل ہوگا، اگلا مرحلہ حیدرآباد سے سکھر اور پھرسکھر سے ملتان کا ہوگا، سب سے آخری مرحلہ ملتان سے لاہور تک ہوگا۔ اس کے علاوہ ہم ملیر ایکسپریس وے پر بھی کام تیزی سے شروع کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں، 42 کلومیٹر طویل یہ سڑک بندرگاہ سے شروع ہوکر ایم نائن سے ملے گی۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو توانائی، دہشت گردی اور معاشی چیلنجز ورثے میں ملے ہیں، ہم بین الاقوامی برادری میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اللہ پاکستان کو کامیابی دے۔ پاک فوج دہشت گردوں کو شکست دے رہی ہے۔ وہ دن ضرور آئے گا جب ہمارا ملک دہشت گردی سے پاک ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ توانائی بحران کو حل کرنا چاہتے ہیں کہ ہم 2017 کے آخر تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردیں گے۔ تھر سے اتنا کوئلہ نکالیں گے کہ ہمیں اس کی درآمد کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ اس کے علاوہ آئندہ 3 برس میں این ایل جی کے ذریعے 3ہزار 600 میگا واٹ بجلی کے منصوبے مکمل ہوجائیں گے۔
https://www.dailymotion.com/video/x2j8tzd
Load Next Story