خیبر پختونخوا کے 107 اسکول سانحہ پشاور کے شہدا کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ

اسکولوں کے نام سانحے کے شہیدوں سے منسوب کرنے کا مقصد انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے، صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان

16 دسمببر کو آرمی پبلک اسکول پر حملے میں 134 بچوں سمیت 144 افراد شہید ہوئے، فوٹو:فائل

KARACHI:
خیبر پختونخوا حکومت نے 107 سرکاری اسکولوں کے نام پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے بچوں کے ناموں سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے تمام بچوں اور اساتذہ کے ناموں سے سرکاری اسکول کے نام منسوب کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور صوبائی حکومت نے شہید طالب علموں اور اساتذہ کے لواحقین سے کہا ہے کہ وہ اگر اپنے آبائی علاقوں یا کہیں اور چاہیں تو صوبائی حکومت وہاں اُن کے پیاروں کے نام سے ایک سرکاری اسکول منسوب کر دے گی۔


عاطف خان کاکہنا تھا کہ اسکولوں کے نام سانحے کے شہیدوں سے منسوب کرنے کا مقصد انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے اور جب تک یہ اسکول رہیں گے ان شہیدوں کی قربانی کو بھی یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 16 دسمبر کو ملکی تاریخ کے بدترین دہشت گردی کے واقعے میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے نتیجے میں 134 بچوں اور اساتذہ سمیت 144 افراد شہید ہوئے تھے۔
Load Next Story