ٹوئنٹی 20 سیمی فائنل میں شکست پاکستان تیسری پوزیشن کھو بیٹھا

تین درجے تنزلی ہوئی، ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیزکا 5 درجے ترقی کے بعد دوسرا نمبر، سری لنکا کی پہلی پوزیشن

تین درجے تنزلی ہوئی، ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیزکا 5 درجے ترقی کے بعد دوسرا نمبر، سری لنکا کی پہلی پوزیشن فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہارنے کے سبب پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں تیسری پوزیشن کھوبیٹھا۔

تین درجے تنزلی نے ٹیم کو چھٹے نمبر پر پہنچا دیا، ویسٹ انڈیز ایک ہی جست میں 5 درجے کی چھلانگ لگاکر دوسرے نمبر پر آگیا، فیصلہ کن معرکے میں ناکامی کے باوجود سری لنکا کی پہلی پوزیشن برقرار رہی، بھارت ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے پوزیشن پر چلاگیا ، ٹرافی کے دفاع میں ناکام رہنے والی انگلش ٹیم نے چوتھی پوزیشن پر قدم مضبوطی سے جمائے ہوئے ہیں، آسٹریلیا ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد 7ویں نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ بدستور 8، بنگلہ دیش 9، آئرلینڈ 10 اور زمبابوے 11ویں پوزیشنز پر براجمان ہیں، بیٹنگ میں پاکستان کے عمراکمل حسب سابق 15ویں نمبر پر ہیں۔


کپتان محمد حفیظ ترقی کا ایک زینہ طے کرکے 23ویں نمبر پر آگئے۔کرس گیل کو ایک درجے بہتری نے دنیا کا دوسرا بیٹسمین بنا دیا، نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم پہلے نمبر پر فائز ہیں، شین واٹسن ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔بولنگ میں بھی ٹاپ پوزیشن پر سعید اجمل کا قبضہ برقرار ہے،شاہد آفریدی بدستور 7اور محمد حفیظ8ویں نمبروں پر براجمان ہیں، سری لنکن اسپنر اجنتھا مینڈس نے گریم سوان کو تیسرے نمبر پر دھکیل کر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

عمرگل اور سہیل تنویر کو ایک ایک درجے تنزلی نے بالترتیب 29اور 33ویں نمبروں پر پہنچادیا، شعیب ملک 82ویں نمبر پر ہیں، انھیں دو درجے تنزلی کا سامنا رہا،ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کو 20 درجے بہتری نے کیریئر کی بہترین 13ویں پوزیشن میں بنگلہ دیشی شکیب الحسن کا ساجھے دار بنوادیا،انجیلو میتھیوز 6 درجے ترقی پاکر 18ویں نمبر میں ٹم سائوتھی کے جوڑی دار بن گئے۔آل رائونڈرز میں محمد حفیظ کا دوسرا اور شاہد آفریدی کا تیسرا نمبر ہے،شین واٹسن سرفہرست ہیں، سموئلز7 درجے کی چھلانگ لگاکر 9ویں نمبر پرآگئے۔
Load Next Story