الطاف حسین نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو جناح گراؤنڈ میں جلسے کی دعوت دیدی

جماعت اسلامی کی جانب سے 12 اپریل کو فیڈرل بی ایریا میں جلسے کا خیر مقدم کرتے ہیں، قائم ایم کیو ایم

جیو اورجینے دوکی پالیسی کو اختیار کرنی چاہیے، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریک انصاف اورجماعت اسلامی کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ آئیے ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر محبت و رواداری کے نئے دور کا آغاز کرتے ہیں۔

لندن سے صحافیوں سے گفتگو کے دوران الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے خلوص نیت سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، ان کی اہلیہ ریحام خان اور پی ٹی آئی کے دیگر اراکین کو جناح گراؤنڈ پر خوش آمدید کہا اور بھابھی کے لئے تحائف خریدے جو انہوں نے وصول نہیں کئے، عمران خان اور ریحام خان کے لئے خریدے گئے تحائف امانت ہیں، ،رابطہ کمیٹی عمران خان سے رابطہ کرکے معلوم کرلے کہ وہ تحائف انہیں لاہورجاکردیں یاان کی کراچی آمدپر انہیں پیش کئے جائیں۔


الطاف حسین نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں جلسے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہم تحریک انصاف کو خوش آمدید کہیں گے اور اگر پی ٹی آئی شاہراہ پاکستان پر جلسہ کرنا چاہتی ہے تو ہم وہاں بھی ان کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں۔ الطاف حسین نے جماعت اسلامی کو بھی 12 اپریل کو فیڈرل بی ایریا میں جلسہ منعقد کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا، ایم کیو ایم کے کارکنوں سے کہتا ہوں کہ تنقید اور اعتراضات سننے کا حوصلہ رکھتے ہوئے جماعت اسلامی کے جلسہ میں شرکت کریں۔

ایم کیو ایم کے قائد نے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ماضی کی تلخ یادوں کو فراموش کر کے نئے دور کا آغاز کرنا چاہئیے، ہمیں پاکستان میں محبت، بھائی چارے، یکجہتی، برداشت اور رواداری کے جذبات کو پروان چڑھانا چاہئیے۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ جیو اورجینے دوکی پالیسی کو اختیارکرناچاہیے۔
Load Next Story