ونود کامبلی نے پاکستان سے متعلق اپنی انتہا پسندانہ سوچ ظاہر کردی
نوجوت سنگھ سدھو صرف شاعری میں مصروف ہیں تو میچ پر تبصرہ کون کرے گا، ونود کامبلی فوٹو: فائل
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹس میں ونود کامبلی نے سابق پاکستانی کرکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو ہر بھارتی چینل میں لایا جاتا ہے حالانکہ ان کے چینلوں میں بھارت کو برا بھلا کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں رمیز راجہ یا شعیب اختر سے ناراض نہیں ہوں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ وہ ہم پر تنقید کرکے ہم ہی سے پیسے لیتے ہیں۔
ونود کامبلی نے اپنی ٹوئٹس میں سابق بھارتی کرکٹر اور مبصر نوجوت سنگھ سدھو کے بارے میں بھی نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی بکواس بند کرنی چاہئے، وہ صرف شاعری میں مصروف ہیں تو میچ پر تبصرہ کون کرے گا، اگر سدھو میں ہمت ہے تو وہ میرا سامنا کریں۔
بعد ازاں انہوں نے ان ٹوئٹس کی تردید کردی اور انہیں اپنے اکاؤنٹ سے ہٹاتے ہوئے کہا کہ یہ ٹوئٹس ان کی نہیں بلکہ ان کے دوست کی طرف سے اکاؤنٹ کا غلط استعمال کرتے ہوئے کی گئیں تھیں جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔