دولت مند شخص نے قیمتی خزانہ پہاڑوں میں چُھپا دیا

عبدالریحان  منگل 12 مئ 2015
تخمینے کے مطابق خزانے کی مالیت 20 لاکھ ڈالر بنتی ہے، فوٹو : فائل

تخمینے کے مطابق خزانے کی مالیت 20 لاکھ ڈالر بنتی ہے، فوٹو : فائل

براعظم شمالی امریکا کا سب سے طویل پہاڑی سلسلہ کوہ راکی ہے،فوریسٹ نے خزانہ شمالی امریکا کے سب سے بڑے پہاڑی سلسلے میں، امریکی حدود کے اندر کہیں چھپادیا تھا

3000 میل طویل پہاڑی سلسلہ امریکا کی کئی ریاستوں سے بھی گزرتا ہے۔ امریکی حدود میں کسی مقام پر وہ خزانہ آج بھی موجود ہے جو پانچ سال پہلے کروڑپتی فوریسٹ فین نے چھپایا تھا۔اس خزانے کا ذکر 84 سالہ دولت مند نے اپنی کتاب The Thrill of the Chase میں کیا تھا جو 2010ء میں شائع ہوئی تھی۔ کتاب کی اشاعت کے بعد ہزاروں لوگوں نے خزانہ تلاش کرنے کی کوشش کی مگر کام یاب نہ ہوسکے۔

نادرفن پاروں کی خریدوفروخت سے وابستہ فوریسٹ فطرتاً مُہم جُو انسان ہے۔ 1988ء میں اسے گردے کا کینسر تشخیص ہوا تھا۔ ڈاکٹروں نے فوریسٹ سے کہا تھا کہ اس کے بچنے کے امکانات محدود ہیں۔ فوریسٹ کے پاس دولت کی کمی نہیں تھی مگر وہ اولاد سے محروم تھا۔

چناںچہ اس نے اپنی دولت لوگوں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔ مگر اپنی مہم جُو فطرت سے مجبورکروڑ پتی اپنی دولت ہاتھ سے نہیں بانٹنا چاہتا تھا۔ اس کی خواہش تھی کہ لوگ اس کی دولت حاصل کرنے کے لیے جہدوجہد اور مقابلہ کریں۔ یہی وہ لمحہ تھا جب اس کے ذہن میں خزانہ چھپانے کا خیال آیا۔ اس دوران فوریسٹ کا علاج بھی جاری تھا۔

فوریسٹ نے دس انچ اونچا اور اتنا ہی چوڑا کانسی کا بنا ہوا نایاب صندوق خریدا اور اس میں سونا اور تاریخی نوادرات بھرکر اسے شمالی امریکا کے سب سے بڑے پہاڑی سلسلے میں، امریکی حدود کے اندر کہیں چھپادیا۔ اس عرصے کے دوران فوریسٹ کے گردے کے کینسر سے نجات مل چکی تھی مگر وہ خزانے کی صورت میں کثیردولت چھپانے کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹا تھا۔

راکی کا پہاڑی سلسلہ امریکا کی چار ریاستوں کولوراڈو، مونٹانا، نیو میکسیکو اور ویومنگ سے گزرتا ہے۔ فوریسٹ کا کہنا ہے کہ خزانے کو پانا ناممکن نہیں۔ اس بارے میں میری کتاب اشارات موجود ہیں۔ ان اشارات کو سمجھ کر خزانے تک پہنچا جاسکتا ہے۔ تاہم ابھی تک کوئی بھی ان اشارات کو سمجھنے میں کام یاب نہیں ہوا۔

فوریسٹ کے مطابق اس کے چھپائے گئے خزانے میں 256 طلائی سکے، ہیرے، یاقوت اور دوسرے قیمتی پتھر، طلائی زیورات،اوردرجنوں نوادارت شامل ہیں۔ نیومیکسیو کے محکمہ سیاحت کے لگائے گئے تخمینے کے مطابق خزانے کی مالیت 20 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔ تاہم فوریسٹ کے مطابق مالیت اس سے کہیں زیادہ ہے کیوں کہ نوادرات کی قیمت اس عرصے کے دوران کئی گنا بڑھ چکی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔