ٹور میچ میں پاکستانی بیٹنگ اسپن کے جال میں اُلجھ گئی

247پر پہلی اننگز ختم،حفیظ،اظہرعلی،مصباح الحق اورسرفراز احمد ناکام،احمد شہزاد نے82رنز بنائے

پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک میزبان ٹیم نے ایک وکٹ پر44 رنز بنائے تھے فوٹو : اے ایف پی

RAWALPINDI:
پاکستانی بیٹنگ اسپن کے جال میں الجھ گئی، سہ روزہ میچ میں مہمان بیٹسمین سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کی اوسط درجے کی بولنگ کا بھی ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکے، پوری ٹیم 247رنز پر رخصت ہوگئی، محمد حفیظ صرف3رنز تک محدود رہے، اظہر علی12پر ہمت ہار گئے۔

کولمبو کے کولٹس کرکٹ کلب میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹسمینوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا، ٹیم کو ابتدا میں ہی 2بھاری نقصان اٹھانا پڑ گئے، دبئی اور بنگلہ دیش میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر محمد حفیظ آئی لینڈ پہنچتے ہی فارم کھو بیٹھے اور صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے،انھیں نسالا کمیگی نے ایل بی ڈبلیو کیا،اظہر علی(12) بھی زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کر سکے اور 39 کے مجموعی اسکور پر ملنڈا سری وردنا کی گیند پر اپل تھارنگا کو کیچ تھما دیا۔


احمد شہزاد اور یونس خان نے اننگز کو سنبھالا دیتے ہوئے تیسری وکٹ کیلیے 113 رنز کی شراکت سے اسکور 152 تک پہنچایا، تجربہ کار بیٹسمین 64 رنز بنانے کے بعد سری وردنا کی دوسری وکٹ بن گئے، کیچ دنیش چندیمل نے لیا، احمد شہزاد کے سنچری کی طرف بڑھتے قدم جیفری وینڈرسے نے روک دیے، اوپنر نے گیند جیہان مبارک کی طرف اچھال کر اپنی اننگز کا 82 پر اختتام کیا، دونوں نمایاں اسکوررز کی رخصتی کے بعد کوئی بھی بیٹسمین اوسط درجے کی حریف بولنگ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا،کپتان مصباح الحق ابھی صرف 15رنز ہی بنا پائے تھے کہ جیفری وینڈرسے نے کیسن راجیتھا کی معاونت سے انھیں چلتا کردیا، سرفراز احمد کو 12کے اسکور پر ملنڈا سری وردنا نے رن آؤٹ کرکے پاکستانی مشکلات میں اضافہ کیا۔

اسد شفیق 27 رنز کی مزاحمت کے بعد جیفری وینڈرسے کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے، وہاب ریاض نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 13رنز بنائے لیکن نوجوان لیگ اسپنر نے اپل تھارنگا کی مدد سے انھیں بھی میدان بدر کردیا، یاسر شاہ ( 9) کو وشوا فرنانڈو نے پویلین بھیجنے کیلیے وکٹوں کے عقب میں موجود دنیش چندیمل کو زحمت دی، جیفری وینڈرسے نے جنید خان کو 5رنز پر پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کی بساط 247رنز پر لپیٹ دی،عمران خان ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے،آخری 7وکٹیں 71رنز کے سفر میں گریں۔

اننگز کی تباہی کے ذمے دار 25سالہ لیگ اسپنر جیفری وینڈرسے نے 73رنز کے عوض 5شکار کیے، ملنڈا سری وردنے 2 جبکہ وشوا فرنانڈو اور نسالا کمیگی ایک،ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کا آغاز بھی اچھا نہ تھا،پہلے ہی اوور میں ڈیموتھ کرونا رتنے کو جنید خان نے ایل بی ڈبلیو کر دیا،اس کے بعد کوشل سلوا (10) اور اپل تھارنگا(29) نے اپنی وکٹیں سنبھالے رکھیں، پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک میزبان ٹیم نے ایک وکٹ پر44 رنز بنائے تھے، حریف کا اسکور برابر کرنے کیلیے اسے مزید 203 رنزدرکار ہیں۔
Load Next Story