عبدالقادر نے سعید اجمل کی حمایت میں آواز اٹھا دی

پی سی بی میں کچھ لوگ میرٹ کے بجائے ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، سابق اسپنر


Sports Reporter June 12, 2015
پی سی بی میں کچھ لوگ میرٹ کے بجائے ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، سابق اسپنر ۔ فوٹو : فائل

لاہور: عبدالقادر نے سعید اجمل کی حمایت میں آواز اٹھا دی، ان کا کہنا ہے کہ آف اسپنرکو مزید مواقع فراہم کیے جائیں، سابق اسٹار کے مطابق سیاسی کشیدگی کا نزلہ پاک بھارت سیریز پر گرانے سے گریز کرنا دونوں ممالک کی کرکٹ کے مفاد میں ہوگا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے ایک انٹرویو میں کہاکہ پاکستانی فاسٹ بولرز کے مقابل زمبابوے کو بڑے اسکور بناتے دیکھ کر مایوسی ہوئی، سری لنکن ٹیم ہوم گرائونڈز پر سخت حریف ہے، ہمیں کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ کنڈیشنز کے پیش نظر سعیداجمل کو نئے ایکشن کے ساتھ صلاحیتں آزمانے کا موقع دینا چاہیے تھا، پی سی بی میں کچھ لوگ میرٹ کے بجائے ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

ایک سوال پر عبدالقادر نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے ایشز سے بھی زیادہ توجہ کا مرکز بنتے ہیں، دسمبر میں شیڈول سیریز کا انعقاد ضرور ہونا چاہیے، اگر کسی وجہ سے میچز پاکستان میں کرانا ممکن نہیں تو یواے ای میں بھی میزبانی کی جاسکتی ہے، حالیہ سیاسی کشیدگی کا نزلہ سیریز پر گرانے سے گریز کیا جائے تو دونوں ممالک کی کرکٹ کے مفاد میں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھایا مگر جواب میں بھارت نے لفظی جنگ شروع کرنے کا وطیرہ اپنایا ہے،نریندر مودی کو پہلی بار وزارت عظمٰی ملی،انھیں بہتر قدم اٹھانا چاہیں جس سے لوگ اچھے الفاظ میں یاد رکھیں، انھوں نے ہی قبل ازیں بیان دیا تھا کہ پڑوسی ممالک میں تعلقات کی بہتری کیلیے کرکٹ سیریز کی بحالی کا فیصلہ کرلیا ہے،اب اپنے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔