ویمنز فٹبال ورلڈ کپ’’23مائیں‘‘ بھی ایکشن میں نظر آنے لگیں

کینیڈا میں جاری میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر23مائیں مختلف ممالک کی طرف سے ایکشن میں ہیں

کینیڈا میں جاری میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر23مائیں مختلف ممالک کی طرف سے ایکشن میں ہیں ۔ فوٹو : فائل

ویمنز فٹبال ورلڈ کپ میں''23مائیں'' مختلف ممالک کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دینے لگیں، ناروے کی ٹیم نے ایونٹ کو فیملی میلہ بنا لیا، میچز کے ساتھ سالگرہ کی تقریبات بھی جاری رہیں، دیگر ٹیموں میں بھی خاندانی کلچر پروان چڑھانے کی خواہش انگڑائی لینے لگی۔


کینیڈا میں جاری میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر23مائیں مختلف ممالک کی طرف سے ایکشن میں ہیں، ان میں سے ناروے کی ٹیم کو اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کی مکمل آزادی ہے، گزشتہ دنوں پلیئرز کے کمروں میں کارڈز پھینکے گئے، ان میں مڈ فیلڈر سالویج گلبرینڈسن کے بیٹے کی9ویں سالگرہ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، مینجمنٹ کی پالیسی کے تحت ویمن فٹبالرز کو ایونٹ کے ابتدائی10روز فیملیز کو ٹیم ہوٹل میں ہی رکھنے کی اجازت ملی، سالویج کے شوہر ایسپن، بیٹے تھیوڈ ور اور بیٹی للی ساتھ موجود ہیں ۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو قطعی طور پر اہل خانہ ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی، ایف اے کی طرف سے بھی رہائشی اور سفر کے اخراجات فراہم نہ کیے جانے سے ٹیمیں فیملیز کو ساتھ نہیں لاتیں، انگلش کھلاڑی کیٹی چیپمین نے مالی مسائل کی وجہ سے اپنے بچوں کو کینیڈا بلانے سے گریز کیا لیکن بیٹا اپنی اور ان کی سالگرہ منانے کیلیے والد کے ہمراہ خود ہی انتظام کر کے آگیا، ان کی آمد پر مڈ فیلڈر خوشگوار حیرت میں مبتلا رہیں، انگلینڈ کی دیگر پلیئرز انٹر نیٹ کے ذریعے اپنے اہل خانہ سے رابطے کو بھی غنیمت خیال کرتی ہیں، جاپان کی ٹیم میں کوئی شادی شدہ خاتون نہیں، البتہ مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ اگر کسی کی شادی ہوئی تو اسے فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی سہولت فراہم کرینگے۔
Load Next Story