تحریک انصاف کے کسی رکن نے اب تک تنخواہ واپس نہیں کی اسپیکر قومی اسمبلی

جانتا ہوں کہ این اے 122 کا فیصلہ کیا ہوگا اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کروں گا، ایاز صادق

نیب کی کارکردگی سےبالکل مطمئن نہیں اسے چیک کرنے کے لیے بھی ایک نیب ہونی چاہئے، اسپیکر قومی اسمبلی، فوٹو:فائل

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کے کسی رکن نے ابھی تک تنخواہ واپس نہیں کی اور اگر تنخواہیں واپس کی گئیں تو اسے قومی خزانے میں جمع کرائیں گے۔


لاہور میں افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ دھرنے کے دوران تحریک انصاف کے ارکان اسپیشل ڈیوٹی پر تھے تاہم انہوں نے اب تک قومی اسمبلی سے ملنے والی تنخواہیں واپس نہیں کیں اور اگر تنخواہیں واپس کی گئیں تو اسے قومی خزانے میں جمع کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی سےبالکل مطمئن نہیں ہیں، نیب پہلے پکڑتی ہے اور مقدمہ بعد میں بناتی ہے اسے چیک کرنے کے لیے بھی ایک نیب ہونی چاہئے کیونکہ اس کا احتساب کون کرے گا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے کرپشن کیسز پر نیب خاموش ہے، نیب اور پارٹیوں میں اربوں روپے کے تصفیے ہورہے ہیں اور سپریم کورٹ نیب کی کارکردگی دیکھ رہی ہے جب کہ چیرمین نیب کے خلاف ریفرنس لایا جاسکتا ہے تاہم میں ان کے پیچھے نہیں پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اندر اور باہر سے جانتا ہوں کہ این اے 122 کا فیصلہ کیا ہوگا اس فیصلے پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کروں گا کیونکہ ٹربیونل کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہوگی۔ ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ کوئی قومی اسمبلی کے اختیارات پر غلط فہمی میں نہ رہے اور اس کے اختیارات کو چیلنج کرنے کا بھی نہ سوچا جائے۔
Load Next Story