آئی سی سی نے پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز سے بھارتی امپائر کو ہٹادیا

بھارتی امپائر بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے

یہ تبدیلیاں سیکیورٹی خدشات اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے کی گئی ہیں،آئی سی سی، فوٹو:فائل

شیو سینا کی غنڈہ گردی بھارت سے باہر بھی کرکٹ کے معاملات پراثرانداز ہونے لگی ہے اورآئی سی سی نے پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز سے باہر کرنے کے بعد بھارتی امپائر کو بھی پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز سے ہٹا دیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز سے بھارتی امپائر سندرم روی کو ہٹا دیا گیا ہے، آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل سندرم روی نے نے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں امپائرنگ کرنا تھی تاہم بھارت میں جاری شدت پسندی کی صورتحال کے بعد انہیں علیم ڈار کی جگہ ممبئی اور چنئی میں بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز میں امپائرنگ کے فرائض سونپے گئے ہیں۔


دبئی میں پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے لیے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے امپائر بروس آکسن فورڈ اور پال رائفل کو منتخب کیا گیا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے کرس گفینے ٹی وی امپائر ہوں گے اور شارجہ میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں بروس آکسن فورڈ اور کرس گفینے امپائرنگ کریں گے جب کہ رائفل ٹی وی امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں سیکیورٹی خدشات اور موجودہ صورتحال کی وجہ سے کی گئی ہیں اور جنوبی افریقا نے بھی سیریز کے آخری 2 ون ڈے میچز میں 2بھارتی امپائروں کے ساتھ کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چاروں کرکٹ بورڈز کی جانب سے تعاون کرنے پر ان کی تعریف بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے پاکستانی امپائر علیم ڈار کو دھمکیاں دیں تھیں جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے علیم ڈار کو بھارت اور جنوبی افریقا کی سیریز سے باہر کردیا ہے جب کہ سابق پاکستانی فاسٹ بولرز وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھارت میں کمنٹری سے انکار کرتے ہوئے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے.
Load Next Story