اسپن تیروں سے انگلش بیٹنگ کو چھلنی کرنے کا منصوبہ

آج دبئی ٹیسٹ میں یاسرشاہ کے ہمراہ بلال آصف کو میدان میں اتارنے پرغور، مدد کیلیے شعیب ملک بھی موجود

پاکستانی اسپنرز یاسر شاہ اور بلال آصف بولنگ پریکٹس کررہے ہیں، کپتان مصباح نے دوسرے ٹیسٹ میں اسپن ہتھیاروں سے فتح کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ فوٹو : اے ایف پی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے دبئی میں شروع ہورہا ہے، گرین کیپس نے اسپن تیروں سے انگلش بیٹنگ کو چھلنی کرنے کا منصوبہ بنالیا۔

فٹ ہونے والے یاسر شاہ کے ساتھ بلال آصف کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے،مدد کیلیے شعیب ملک بھی موجود ہوں گے، بطور اوپنر شان مسعود کمزور کڑی بن گئے، محمد حفیظ کا ساتھ دینے کیلیے احمد شہزاد کو کھلانے پرغور جاری ہے، کپتان مصباح الحق نے کہاکہ دبئی کی پچ ویسی ہی ہے جیسی ہم چاہتے تھے، انگلش ٹیم کو آسان شکار نہیں سمجھتے، ان کا مقابلہ کرنے کیلیے پوری توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی، یاسرکا کردار اہم ہوگا۔

دوسری جانب انگلینڈ نے بھی فتح کا سنہری خواب آنکھوں میں سجا لیا، مینجمنٹ معین علی اور عادل راشد کے ہمراہ تیسرے اسپنر سمت پٹیل کو بھی کھلانے کا سوچنے لگی،کپتان الیسٹرکک نے کہاکہ یو اے ای میں گرین کیپس کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کا اعزاز ہم ہی حاصل کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ابوظبی ٹیسٹ کے آخری روز شکست سے بال بال بچنے والی پاکستانی سائیڈ اس بار زیادہ محتاط اور کسی بھی قسم کی غلطی نہ دہرانے کی خواہاں ہے۔

اسے اپنے اہم ہتھیار لیگ اسپنر یاسر شاہ کی خدمات بھی حاصل ہیں، دبئی کی روایتی اسپن وکٹ کے بارے میں مصباح الحق کہہ چکے کہ ہمیں جیسی پچ درکار تھی یہ ویسی ہی ہے۔ ان اسپن کنڈیشنز میں گرین کیپس مہمان سائیڈ کو اسپن جال میں جکڑنے کیلیے بے چین ہیں، تین برس قبل دبئی میں ہی انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا مگر لنچ تک52 رنز پر پانچ وکٹیں گرچکی تھیں، یہ چونکہ سیریز کا ابتدائی ٹیسٹ تھا اس لیے باقی مقابلوں کی بھی اسی سے بنیاد پڑی، اگرچہ 2ہفتوں بعد مہمان سائیڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 99 رنز پر آؤٹ کیا مگر پھر بھی فتح حاصل نہیں کرپائی۔


اس کے بعد سے گرین کیپس کے دبئی میں میچز غیر متوازن رہے، اسے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی، نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ ڈرا ہوا جبکہ آسٹریلیا کیخلاف بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان کو جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی خدمات حاصل نہیں تھیں مگر اب وہ مکمل فٹ ہوچکے ہیں، ان کی وجہ سے ذوالفقار بابر کو بھی حوصلہ ملے گا جو ابوظبی میں 72 اوورز کے دوران جدوجہد کرتے ہی دکھائی دیے تھے۔

یاسر شاہ کیلیے ذوالفقار بابرکو جگہ خالی کرنا پڑسکتی ہے، کپتان مصباح الحق پہلے ہی تین اسپنرز میدان میں اتارنے کا عندیہ دے چکے جبکہ گذشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران بھی ان کی اور کوچ وقار یونس کی بلال آصف پر کافی توجہ رہی جو بولنگ ایکشن کے تجزیے کے بعد ٹیم کو جوائن کرچکے ہیں، انھیں بھی اگر میدان میں اتارا گیا تو پھر فاسٹ بولر راحت علی یا عمران خان کو باہر بیٹھنا پڑسکتا ہے۔ اظہر علی اپنی ساس کے انتقال کی وجہ سے پاکستان لوٹے اور ویزے مسائل کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہے، وہ انجری کی وجہ سے پہلا میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

ابوظبی میں مکمل طور پر ناکام رہنے والے شان مسعود کی جگہ دبئی ٹیسٹ میں احمد شہزاد کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔مصباح نے کہاکہ دبئی میں یاسر کا کردار کافی اہم ہوگا، انگلینڈ کو ہم نے کبھی آسان شکار نہیں سمجھا، وہ کافی مضبوط ٹیم ہے، اسے زیر کرنے کیلیے ہمیں اس سے بھی بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔

دوسری جانب انگلینڈ بھی تین اسپنرز میدان میں اتارنے پر غور کررہا ہے، معین علی اور عادل راشد کا ساتھ دینے کیلیے سمت پٹیل کھیل سکتے ہیں، مارک ووڈ اگرچہ پہلے ٹیسٹ میں گرمی سے بے حال دکھائی دیے مگر دبئی میں بھی ان کیلیے آرام کا کوئی امکان نہیں ہے۔ کپتان الیسٹرکک نے کہاکہ ہم اس سے قبل بھارت کو اس کے ملک میں زیر کرچکے اور اس مرتبہ پاکستان کو اس کے مضبوط گڑھ یو اے ای میں سیریز ناکامی سے دوچار کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔
Load Next Story