سیریز نہ ہونے سے بورڈکو بھاری نقصان کا غم ستانے لگا

مقابلے ری شیڈول نہ ہوئے تونشریاتی حقوق کا140ملین ڈالرکا معاہدہ متاثر ہو گا،شہریار


Sports Reporter October 22, 2015
موجودہ حالات میں خسارہ برداشت کرنے کیلیے تیار اور اب منت سماجت نہیں کرینگے ۔ فوٹو:اےایف پی

پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے پی سی بی کو بھاری نقصان کا غم ستانے لگا،مقابلے ری شیڈول بھی نہ ہوئے تو نشریاتی حقوق کا140 ملین ڈالر کا معاہدہ بھی متاثر ہوگا، چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ پلان بی کے تحت کچھ تلافی کی کوشش کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران جب شہریار خان سے سوال کیا گیا کہ بھارت کے یواے ای میں سیریز نہ کھیلنے سے کتنا خسارہ ہو سکتا ہے تو انھوں نے کہا کہ نقصان تو بھاری ہوگا، ہمارا ایک چینل سے ہی 140ملین ڈالر کا معاہدہ ہے، ذرائع کے مطابق یہ کنٹریکٹ 5سال میں ہونیوالے میچز کیلیے ہے جسے متاثر ہونے سے بچانے کیلیے بہتر ہوگا کہ سیریز ری شیڈول ہوجائے،شہریار خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم نقصان برداشت کرنے کیلیے تیار اور اب منت سماجت نہیں کرینگے۔

تلافی کیلیے بی پلان کے تحت شاید کچھ کرلیں لیکن یہ سب کچھ بھارتی بورڈ کی جانب سے جواب ملنے کے بعد ہوگا، 8یا 10دن میں سب واضح ہوجائیگا تو آپشنز پر غور کرینگے،انھوں نے اعتراف کیا کہ بگ تھری کی حمایت کے بدلے میں دستخط شدہ ایم او یو ایک باقاعدہ معاہدے کی بانسبت کمزور دستاویز ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک یاداشت ہے کوئی پابند کرنے والا ایگریمنٹ نہیں،ہمارے انگلینڈ اور آسٹریلیا کیساتھ باقاعدہ معاہدے موجود اور وہ کھیل بھی رہے ہیں،اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایم او یو کی کوئی حیثیت ہی نہیں تاہم اگر باقاعدہ معاہدہ ہونا زیادہ بہتر رہتا، بھارتی بورڈ کو بھی یہی کہتے رہے کہ اپنی حکومت کو بتائیں کہ ہم نے پی سی بی کیساتھ ایم او یو پر دستخط کررکھے ہیں لیکن انھوں نے طویل انتظار کرایا جسکے بعد جو ہوا آپ کے سامنے ہے۔

مقبول خبریں