عراق میں ایرانی باغی گروپ کے بیس کیمپ پر متعدد راکٹ حملوں میں 23 افراد ہلاک

پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن کے بیس کیمپ پر تقریبا 80 میزائل فائر کئے گئے، ترجمان ایرانی باغی گروپ

راکٹ بغداد کے شمال مشرقی علاقے بکریہ سے فائر کئے گئے، ترجمان پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن۔ فوٹو: فائل

عراق کے دارالحکومت میں انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع ایران کے باغی گروپ کے بیس کیمپ پر متعدد راکٹ حملوں میں 23 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے باغی گروپ پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقعہ ان کے بیس کیمپ پر تقریبا 80 میزائل فائر کئے گئے جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 23 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ راکٹ بغداد کے شمال مشرقی علاقے بکریہ سے فائر کئے گئے۔


دوسری جانب امریکا کے وزیر خارجہ جان کیری نے بغداد میں ایران کے باغی گروپ کے بیس کیمپ پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وہ عراق حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ زخمیوں کی ہر ممکن طبی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔ انھوں نے عراقی حکومت پر زور دیا کہ پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن کے بیس کیمپ کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن جسے مجاہدین خلق آرگنائزیشن بھی کہا جاتا ہے نے 1980 کی عراق ایران جنگ صدام حسین کا ساتھ دیا تھا لیکن جب 2003 میں امریکا نے عراق پر حملہ کیا تو اس گروپ نے بغداد کی حمایت چھوڑ دی تھی جب کہ ایران کے دیگر باغی لوگوں نے 2012 میں لبرٹی کیمپ میں رہائش اختیار کرلی تھی۔

 
Load Next Story