لاہورفیکٹری ملبے سےایک شخص کا پیغام موصول فیکٹری مالک کی لاش بھی نکال لی گئی

فیکٹری ڈرائیور نے اپنے میسج پر بتایا کہ وہ 2 ساتھیوں کے ساتھ اب بھی ملبے تلے زندہ حالت میں موجود ہے۔

فیکٹری ڈرائیور نے اپنے میسج پر بتایا کہ وہ 2 ساتھیوں کے ساتھ اب بھی ملبے تلے زندہ حالت میں موجود ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری کے ملبے سے ایک شخص کا پیغام موصول ہونے کے بعد ریسکیو آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے جب کہ ملبے سے فیکٹری مالک کی لاش بھی نکال لی گئی جس کے بعد اب تک 35 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔





لاہور کی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہوئے کئی گھنٹے گزرچکے ہیں تاہم ملبے تلے دبے اقبال نامی ایک شخص نے اپنے پیاروں کو میسج کیا کہ وہ زندہ ہے اوراس کےساتھ مزید 2 افراد اب بھی ملبے تلے زندہ موجود ہیں، فیکٹری ڈرائیوراقبال نے اپنے پیغام میں اس مقام کی بھی نشاندہی کی جہاں وہ موجود ہیں جس کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے آپریشن مزید تیز کرتے ہوئے تلاش شروع کردی ہے۔

فیکٹری ملبے کو ہٹانے کے لئے امدادی سرگرمیوں میں 400 سے زائد افراد حصہ لے رہے ہیں جن میں ریسکیو 1122، پاک فوج، ایدھی فاؤنڈیشن، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن سمیت متعدد تنظیموں کے کارکنان شامل ہیں۔ ملبے سے اب تک 35 افراد کی لاشوں جب کہ 120 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔ پاک فوج کے اہلکار فیکٹری کے لینٹر میں سوراخ کرکے عمارت کے اندر داخل ہوکر اندر موجود افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔






ریسکیو 1122 کے ڈی جی بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر ارشد کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے ملبے میں اب بھی کئی افراد دبے ہوئے ہیں جن میں سے کئی سے گزشتہ روزتک ان کا موبائل فون پررابطہ تھا تاہم موبائل فونز کی بیٹری ختم ہوجانے کی وجہ سے ان سے اب رابطہ نہیں ہوپارہا۔ ملبے میں دبے افراد کو زندہ نکالنے کے لئے انتہائی احتیاط سے کام لیا جارہا ہے اس لئے امدادی کام کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔



ڈاکٹرارشد کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت فیکٹری میں موجود افراد کی صحیح تعداد کا انہیں کوئی علم نہیں کیونکہ حاضری کا تمام ریکارڈ ملبے میں دبا ہوا ہے لیکن فیکٹری کے باہرموجود لاپتہ افراد کے ورثا سے تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کی شام پلاسٹک بیگ تیار کرنے والی فیکٹری کی عمارت اس وقت زمین بوس ہوگئی تھی جب اس میں بڑی تعداد میں افراد کام میں مصروف تھے۔

https://www.dailymotion.com/video/x3ckud8_lahore-factory-building-rescue-operation_news
Load Next Story