کراچی میں فائرنگ اور تیز دھار آلے سے پولیس اہلکار سمیت 11افراد ہلاک

لی مارکیٹ کے قریب سے پولیس اہلکار کی لاش برآمد، لیاری گینگ وار کے ملزموں نے اغوا کیا تھا، پولیس

لی مارکیٹ کے قریب سے پولیس اہلکار کی لاش برآمد، لیاری گینگ وار کے ملزموں نے اغوا کیا تھا، پولیس۔ فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وار سے پولیس اہلکار سمیت11 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ تھانے کی حدود لیمارکیٹ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے سر پر گولیاں مار کر قتل کر دیا اور لاش پھینک کر موقع سے فرار ہوگئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی جہاں مقتول کی شناخت پولیس اہلکار 40 سالہ ظہیر ولد امیر خان کے نام سے ہوئی ، ایس ایچ او جاوید بلوچ کے مطابق مقتول کلری تھانے میں وائرلیس آپریٹر لیاری کے علاقے نعمت کدہ ہوٹل کے قریب غلام شاہ لین کا رہنے والا تھا۔

مقتول منگل کی شب گھر سے ڈیوٹی پر جانے کے لیے نکلا تھا کہ اسے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا اور بعد ازاں لیمارکیٹ کے قریب اس کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، مقتول گزشتہ 4 ماہ سے کلری تھانے میں وائر لیس آپریٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہا تھا اور لیاری ٹائون کے مختلف تھانوں میں تعینات رہ چکا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو لیاری گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کیا ہے جبکہ وہ 3 بچوں کا باپ تھا ، منگھوپیر تھانے کی حدود منگھوپیر روڈ ساکران ندی کے کنارے سے نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اپنے قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔

ایس ایچ او منگھوپیر ناصر محمود نے بتایا کہ مقتول کو سر، آنکھ اور سینے پر 3 گولیاں ماری گئیں تھیں جبکہ مقتول نے شلوار قمیض پہنا ہوا ہے۔ جیکسن کے علاقے کیماڑی نگینہ سینٹر کے قریب واقع چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے 40 سالہ عاشق حسین ہلاک ہوگیا ، پولیس کے مطابق تلخ کلامی کے دوران ایک شخص نے پستول نکال کر فائرنگ کر کے عاشق حسین کو قتل کر دیا۔ مقتول کا آبائی تعلق گلگت سے بتایا جاتا ہے ۔ ڈاکس تھانے کی حدود مچھر کالونی تاج چوک کے قریب نامعلوم ملزمان نے خنجر کے پے در پے وار کر کے 18سالہ یوسف عرف بنگالی ولد نذرالاسلام کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔


ایس ایچ او مدد علی زرداری کے مطابق مقتول کو اس کے والد نے کچھ عرصہ قبل نشہ کرنے پر گھر سے نکال دیا تھا۔ کلفٹن کے علاقے توحید کمرشل E اسٹریٹ کوئٹہ دربار ہوٹل کے قریب سے ایک لاش برآمد ملی جسے نامعلوم ملزمان نے تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ۔ 40 سالہ فاروق کے نام سے ہوئی جو شو مارکیٹ کے قریب نور محل کا رہائشی تھا۔ سائٹ اے تھانے کی حدود میٹروول چورنگی کے قریب 30 سالہ عامر ولد ہارون فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق مقتول موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی اور چہرے پر گولی لگنے سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تاہم پولیس نے تعاقب اور مقابلے کے بعد ایک ملزم عدیل کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ پولیس واقعہ کو ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔

کلاکوٹ کے علاقے چیل چوک آزاد اسپتال کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ جاپان خان ولد عبدالرحمٰن ہلاک ہوگیا۔ پولیس واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے مزید تحقیقات کر رہی ہے ، سائٹ اے کے علاقے میٹروول ماڈل پار ک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 بھائیوں سمیت 3 افراد عمران ، شکیل ولد یوسف اور سلیم ولد عبدالرحیم زخمی ہوگئے۔ عزیز بھٹی کے علاقے مین یونیورسٹی روڈ اردو سائنس یونیورسٹی کے قریب نامعلوم ملزمان نے رکشا پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد رکشا ڈرائیور لیاقت اور مسافر محمد رفیق زخمی ہوگئے۔ شاہ لطیف کے علاقے بھینس کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد راشد جبکہ نارتھ ناظم آباد بلاک A کیفے الحسن کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبدالحق زخمی ہوگیا۔ مومن آباد کے علاقے فقیر کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ 3 افراد نوید ، جلال الدین اور محمد علیم زخمی ہوگئے۔

پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن نمبر 13 سیکٹر15 بنگلہ بازار تھورانی گوٹھ میں پولیس اور رینجزز کے سرچ آپریشن کے دوران ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آکر35سالہ محمد اعظم عرف ملوک ولد علیم الدین ہلاک ہو گیا۔ قطر اسپتال کے عملے نے پولیس کو بتایا کہ محمد اعظم کے سر پر گولی اور جسم پر کلہاڑی کے وار کے نشانات تھے جس سے لگتا ہے کہ دو طرفہ فائرنگ کے دوران کسی نے محمد اعظم کو سر پر گولی مار کے ہلاک کر دیا۔ مومن آباد تھانے کی حدود فقیر کالونی مسقطی محلہ میں فائرنگ سے25 نوید ولد حاجی خان ہلاک جبکہ جلال الدین اور یاسر زخمی ہو گئے۔ مقتول کے خلاف مومن آباد تھانے میں13سے زائد مقدمات درج ہیں۔

پولیس نیواقعے میں نوید عرف لنگڑا اوراس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ منگھو پیر کے علاقے خیر آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چنگچی رکشے کا ڈرائیور 22 سالہ جنید ولد سلیم ہلاک ہو گیا۔ واردات کے وقت مقتول کے رکشے میں 5 سے 6 افراد بیٹھے تھے جنھوں نے اسے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ نارتھ ناظم آباد کے علاقے میٹرک بورڈ آفس کے سامنے دلپسند مٹھائی کی دکان کے قریب پارکنگ کے تنازعے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ مجاہد ولد ولی محمد 3 گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا۔

لیاقت آباد بندھانی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ محمد شفیق اور 18 سالہ زبیرزخمی ہو گیا زخمی ہونے والے محمد شفیق کو نجی جبکہ زبیر کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا زخمی ہونیوالے اہلسنت و الجماعت کے کارکن ہیں ۔پریڈی کے علاقے ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر کے قریب جاپان پلازہ والی گلی میں40 سالہ شخص کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کے بعد ذبح کر دیا۔

Recommended Stories

Load Next Story