کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ متحدہ کے کارکن سمیت 9ہلاک

فائرنگ سے ایم کیو ایم کا رکن جاں بحق، مقتول مسجد کمیٹی کا رکن اور حال ہی میں پارٹی میں شامل ہوا


Staff Reporter October 22, 2012
سہراب گوٹھ، کورنگی عوامی کالونی اورگلشن اقبال میں فائرنگ سے ہلاکتیں، گلشن معمار جنجال گوٹھ کی جھاڑیوں سے لاش ملی۔ فوٹو: فائل

NEW DEHLI: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 5-J میں مسجد طلحہ کے سامنے فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا ، ایس ایچ او بلال کالونی عارف آفریدی نے بتایا کہ مقتول محمد فہیم عرف عمران ولد محمد اسلم متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 140-B کا کارکن تھا ، مقتول مسجد کی کمیٹی کا ممبر تھا ، واقعے کے وقت وہ مسجد کے سامنے واقع اپنی رہائش گاہ کے باہر بیٹھا تھا کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، مقتول کی عمر تقریباً 28 برس تھی ، ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ مقتول حال ہی میں متحدہ میں شامل ہوا تھا اس سے قبل وہ جماعت اسلامی کا کارکن تھا۔

سہراب گوٹھ میں الآصف اسکوائر کے عقب میں واقع گرائونڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 24 سالہ نور رحمن ولد محمد سلیم ہلاک ہوگیا ، ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ ڈی ایس پی قمر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کے والد کو ایک ماہ قبل سہراب گوٹھ میں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا ، مقتول کا آبائی تعلق وزیرستان سے ہے اور واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، مقتول سلیم کے ورثا نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا ، گلشن معمار کے علاقے جنجال گوٹھ میں جھاڑیوں سے 10 روز پرانی لاش ملی جوکہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا جس کی عمر تقریباً 40 برس معلوم ہوتی ہے۔

ڈی ایس پی قمر کا کہنا تھا کہ فوری طور وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی ہے ، لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی ، کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں قبرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ عامر خان ولد عبدالرشید ہلاک ہوگیا ، عوامی کالونی پولیس کے مطابق مقتول نشے کا عادی تھا اور قبرستان میں ساتھیوں سمیت بیٹھا ہوا تھا کہ وہاں کسی بات پر ان سے تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ، مقتول کورنگی سیکٹر 36-B کا رہائشی اور کورنگی 5 نمبر پر کارپینٹر کی دکان پر کام کرتا تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ، گلشن اقبال بلاک 4 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 34 سالہ کمال الدین ولد عنایت ہلاک ہوگیا۔

گلشن اقبال پولیس کے مطابق مقتول مدرسہ احسن العلوم کا طالب علم اور نیپا چورنگی کے قریب واقع مقامی مسجد کا پیش امام بھی تھا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ضیا کالونی کا رہائشی ہے ، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید کے مطابق مقتول اہلسنت و الجماعت کا کارکن تھا ، انھوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ، علاوہ ازیں نارتھ کراچی سیکٹر 11-A میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ 32 سالہ گل حسن ولد نجم دین زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، ایس ایچ او سرسید ٹائون بلاغت حسین نے بتایا کہ ملزمان گارڈ کا رپیٹر چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔

واقعے کی نوعیت کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا ، گارڈن چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 32 سالہ شاہد ولد ہارون زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال پہنچایا گیا ، سہراب گوٹھ ایوب گوٹھ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 27 سالہ عبدالمالک زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، ابراہیم حیدری میں مدنی مسجد کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ محمد سلیم زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا ۔نپیئر تھانے کی حدود بھیم پورہ صابری چوک پر14 اکتوبر کی رات10 بجے فائرنگ سے زخمی ہونے والا 50 سالہ فتح شیر بلوچ ولد حاجی عبد الطیف بلوچ گزشتہ روز سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار عثمانیہ چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے24 سالہ شعیب ولد حنیف زخمی ہو گیا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ سرجانی ٹاؤن یوسف گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ عادل لاشاری ولد اﷲ ڈینو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی محمد منور ولد محمد انور زخمی ہو گیا۔ مقتو کا آبائی تعلق اندرون سندھ نوشہرو فیروز سے تھا ، عادل لاشاری پیپلزپارٹی یوتھ ونگ کا علاقائی صدر تھا، جس کی ہلاکت کی اطلاع پر پیپلز پارٹی کے درجنوں مشتعل کارکن عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے وہاں ہنگامہ آرائی کے دوران توڑ پھوڑ کی ، مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی پر اسپتال انتظامیہ نے تمام لائٹیں بند کر دیں۔

کھو کھرا پار کے علاقے ملیر سیکٹر9سعودیہ کالونی مکان نمبر105کا رہائشی 10سالہ عزیز الرحمٰن گھر میں پر اسرار طور پر سر میں ایک گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے نشان حیدر چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے28 سالہ سہیل ولد محمد علی سمیت2 افراد زخمی ہو گئے، سہیل امریکی نژاد پاکستانی ہے ۔رضویہ تھانے کی حدود ناظم آباد نمبر 2 چاولہ مارکیٹ کے قریب نامعلوم شخص کی بوری بند لاش ملی ہے پولیس کے مطابق 32 سالہ نامعلوم شخص کو اغوا کے بعد ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر ایک گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔